انسپکٹر پولیس بنجارہ ہلز رشوت کیلئے ہراسانی کا الزام اینٹی کرپشن بیورو نے حراست میں لے لیا

   

حیدرآباد : /6 اکٹوبر (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو عہدیداروں نے جمعہ کو انسپکٹر بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن اور دیگر دو پولیس ملازمین کے خلاف مجرمانہ رویہ پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ مذکورہ پولیس عہدیدار پب مالکین کو معمول کیلئے ہراساں کررہے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر بنجارہ ہلز پولیس ایم نریندر نے اپنے دو ماتحت عہدیدار سب انسپکٹر ایس نوین ریڈی اور ہوم گارڈ سری ہری کی مدد سے بنجارہ ہلز میں راک کلب اسکائی لانج پب کے مالکین کو ماہانہ معمول میں اضافہ کیلئے ہراساں کررہے تھے ۔ این راجیشور لکشمن راؤ جو پب کا منیجنگ پارٹنر ہے کو انسپکٹر بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن نے 4.5 لاکھ ماہانہ معمول کا مطالبہ کیا چونکہ پب مالکین نے معمول میں کمی کرکے ماہانہ 3 لاکھ روپئے کردیا تھا ۔ معمول میں اضافہ نہ کرنے اور وقت پر ادا نہ کرنے پر انسپکٹر نریندر نے سب انسپکٹر نوین ریڈی کی مدد سے یکم اکٹوبر کی شب پب پہنچ کر وہاں کے منیجنگ پارٹنر لکشمن راؤ کو پب سے باہر نکال کر اسے پٹرولنگ گاڑی میں بٹھاکر پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور ایک فرضی مقدمہ بھی درج کیا ۔ مسلسل انسپکٹر اور سب انسپکٹر کی ہراسانی پر راجیشور لکشمن راؤ نے اینٹی کرپشن بیورو سے شکایت درج کروائی جس پر بیورو حکام نے فوری کارروائی میں آج صبح بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن پر دھاوا کیا اور انسپکٹر ، سب انسپکٹر اور ہوم گارڈ کو حراست میں لے لیا ۔ اے سی بی نے اس کی تحقیقات کا آغاز کیا اور مجرمانہ رویہ اور رشوت خوری کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ بیورو کی تفتیش میں انسپکٹر نریندر کی طبعیت بگڑنے پر اسے قریبی ایک دواخانہ علاج کیلئے لے جایا گیا اور بعد ازاں پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ اے سی بی عہدیداروں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد نے بھی اس معاملہ کا سخت نوٹ لیا ہے اور عنقریب تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔