انقلابی شاعر ورا ورا راؤ کے علاج کیلئے ہائی کورٹ کی ہدایت

   

اہلیہ کی درخواست پر عدالت کا فیصلہ، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کونسلنگ

حیدرآباد: ممبئی ہائیکورٹ نے مہاراشٹرا حکومت اور این آئی اے کو ہدایت دی ہے کہ وہ ناناوتی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس کی ایک ٹیم کے ذریعہ انقلابی شاعر ورا ورا راؤ کے علاج کو یقینی بنائے۔ ویڈیو کنسلٹیشن کے ذریعہ 81 سالہ ورا ورا راؤ کا فوری علاج کیا جائے جو ان دنوں تلوجا جیل میں ہے۔ جسٹس اے کے مینن اور جسٹس ایس پی کواڈے پر مشتمل وکیشن بنچ نے کہا کہ ویڈیو کے ذریعہ علاج کے انتظامات کئے جائیں یا ڈاکٹرس کی ٹیم جیل میں ان سے ملاقات کرتے ہوئے علاج کا فیصلہ کرے۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 17 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔ شخصی طور پر معائنے کی رپورٹ 16 نومبر تک عدالت میں پیش کی جائے۔ ورا ورا راو کی اہلیت پی ہیم لتا نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے جیل سے ناناوتی ہاسپٹل منتقل کرنے کی اپیل کی۔ خرابیٔ صحت کی بنیاد پر اپیل کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل آر ستیہ نارائنا نے کہا کہ ورا ورا راو کی صحت دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے۔ پبلک پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جیل ڈاکٹرس نے 12 نومبر کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے بعض معائنوں کی سفارش
کی ہے۔ ورا ورا راؤ کے افراد خاندان نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر جیل میں مزید رکھا گیا تو ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا۔