اننت پور میں ساؤتھ کوریا کی کمپنی میں موٹر کاروں کی تیاری کا آغاز

   

29 جنوری کو ’’کیا‘‘ کار کو مارکٹ میں متعارف کرنے کی تیاری
حیدرآباد /28 جنوری ( سیاست نیوز ) ریاست آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں پینوگونڈہ منڈل کے قریب قائم کی گئی ساؤتھ کوریا کی نامور کاروں کی تیاری کرنے والی ’’کیا موٹرس کمپنی ‘‘ Kia Motors Company نے اپنے قیام کے اندرون ایک سال ہی اپنی موٹر کاروں کی تیاری کا آغاز کرچکی ہے اور اس کمپنی میں تیار شدہ پہلی موٹر کار ٹرائیل رن کیلئے مکمل تیار رکھی گئی ہے اور چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کل یعنی 29 جنوری کو کیا کار کو مارکٹ میں متعارف کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کیا موٹرس کمپنی ہر چھ ماہ کے دوران ایک نئے ماڈل میں کار تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور ان کاروں کی تیاری کیلئے انتہائی عصری ٹیکنالوجی ، روبوٹیک ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ورکروں کے ذریعہ تیار کی گئی پہلی کیا موٹر کار کو چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نہ صرف متعارف کریں گے بلکہ ازخود اس کار کو چلائیں گے ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ کیا موٹرس کمپنی نے اپنے وعدہ کے مطابق ماہ جنوری کے اختتام سے قبل اپنی کاریں تیار کرکے مارکٹ میں ٹرائیل رن کیلئے متعاف کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس تیز رفتاری کے ساتھ پینوگونڈہ میں اپنی کار تیاری یونٹ کو مکمل کرتے ہوئے چیف منسٹر کے ہاتھوں تیار کردہ پہلی کار کو متعارف کروا رہی ہے ۔