انٹرمیڈیٹ امتحانات کا کل سے آغاز،نقل نویسی پر جیل بھیج دیا جائے گا

   

19 مارچ کو آخری امتحان، 9.80 لاکھ امیدواروں کی شرکت، فلائینگ اور سٹنگ اسکواڈس کی تشکیل، ایک گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پہنچنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کا 28 فروری کو آغاز ہوگا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کی سکریٹری شروتی آہوجہ نے واضح کیا ہے کہ امتحانات میں نقل نویسی یا تلبیس شخصی کی صورت میں امیدواروں کے خلاف کریمنل کیسس درج کئے جائیں گے اور انہیں جیل بھیج دیا جائے گا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے آج میڈیا کے نمائندوں کو امتحانات کی تیاریوں سے واقف کرایا۔ انٹرمیڈیٹ امتحانات فرسٹ اور سکنڈ ایئر کے لئے 28 فروری تا 19 مارچ منعقد ہوں گے۔ امتحانات کا وقت صبح 9 تا12 بجے دن رہے گا اور روزانہ ایک مضمون کا امتحان ہوگا۔ ریاست بھر میں 1521 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں گورنمنٹ جونیئر کالجس 407 ، گورنمنٹ سیکٹر جونیئر کالجس 234 اور خانگی جونیئر کالجس 880 شامل ہیں۔ امتحانات میں فرسٹ اور سکنڈ ایئر کے جملہ 980978 امیدوار شرکت کریں گے جن میں فرسٹ ایئر امیدواروں کی تعداد 478718 ہے جبکہ سکنڈ ایئر ریگولر امیدوار 444189 ہیں۔سکنڈ ایئر پرائیوٹ امیدوار 58071 درج کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر سکنڈ ایئر کے 502260 امیدوار امتحانات میں حصہ لیں گے ۔ شروتی آہوجہ کے مطابق امتحانات کے موثر انعقاد کیلئے 1521 چیف سپرنٹنڈنٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کے 1521 عہدیدار امتحانات کی نگرانی کریں گے۔ انویجلیٹرس کی تعداد 27900 رہے گی جبکہ 75 فلائینگ اسکواڈس اور 200 سٹنگ اسکواڈس رہیں گے۔ فرسٹ ایئر امتحانات میں جنرل زمرہ کے 212695 بوائز اور 217710 گرلز امتحانات میں شریک ہوں گی جبکہ ووکیشنل زمرہ میں بوائز 24346 اور گرلز 23966 شرکت کریں گے ۔ سکنڈ ایئر امتحانات میں 230952 بوائز اور 224703 گرلز شرکت کریں گی۔ ووکیشنل زمرہ میں بوائز کی تعداد 23968 جبکہ گرلز 22637 ہیں۔ گورنمنٹ جونیئر کالجس کے فرسٹ ایئر میں 52216 اور سکنڈ ایئر میں 59991 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ امتحانی پرچہ جات اور جوابی پرچہ جات متعلقہ اضلاع کو روانہ کردیئے گئے ہیں۔ ہر ضلع میں عہدیداروں پر مشتمل نگران کار کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کے ساتھ اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ فلائینگ اسکواڈس میں تین ارکان ہوں گے جن کا تعلق محکمہ جات ، تعلیم ، پولیس اور ریونیو سے رہے گا۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے مطابق آر ٹی سی حکام سے امیدواروں کی سہولت کیلئے زائد بسیں چلانے کی در خواست کی گئی ہے ۔ امتحانات کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ ہر امتحانی مرکز پر محکمہ صحت کی ٹیم رہے گی تاکہ ہنگامی صورت میں طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ رہیں گے اور امتحان کے وقت میں اطراف کے تمام زیراکس سنٹرس بند رہیں گے۔ امتحانی مراکز میں تمام ضروری سہولتیں بشمول فرنیچر فراہم کیا جائے گا اور کسی بھی طالب علم کو فرش پر بیٹھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایسے عہدیدار اور کالج انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو نقل نویسی کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ امتحانی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ضلع عہدیداروں کو اس سلسلہ میں اختیارات دیئے گئے ہیں۔ ریاستی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر ضلع کے لئے مبصرین روانہ کئے جائیں گے۔ کسی بھی امیدوار کو ہال ٹکٹ کے بغیر امتحان ہال میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو ایک گھنٹہ قبل یعنی صبح 8 بجے امتحانی مرکز میں رہنا ہوگا۔ 9 بجے کے بعد کسی بھی امیدوار کو داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امیدوار 8.45 بجے اپنی نشستیں سنبھال لیں ۔ امیدوار بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ویب سائیٹ سے ہال ٹکٹ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں یا پھر متعلقہ کالجس میں ہال ٹکٹس حوالے کئے جائیں گے۔ کالجس انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی صورت میں طلبہ کے ہال ٹکٹ نہ روکیں۔ امتحان ہال میں کوئی بھی پرنٹیڈ میٹریل ، سیل فون ، کیلکولیٹر اور کسی الیکٹرانکس گیاجیٹس کی اجازت نہیں رہے گی۔ امتحانات کے دوران طلبہ کو کسی بھی ذہنی تناؤ سے بچانے کے لئے ماہرین نفسیات کے ذریعہ کونسلنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں طلبہ ٹول فری نمبر 14416 سے ربط قائم کرسکتے ہیں۔ 1