انگریزی کی تعلیم پہلی جماعت سے ہو گی: سعودی وزیرتعلیم

   

ریاض ۔ 21 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ ’سرکاری سکولوں میں بچوں کو انگریزی کی تعلیم پہلی جماعت سے دی جائے گی‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’دو سال کے بعد پہلی کلاس سے انگریزی لازمی ہوجائے گی‘۔سبق ویب سائٹ کے مطابق مقامی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں انٹرویو کے دوران وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ ’ابتدائی کلاسوں میں انگریزی کی تعلیم نہ دینے کے نتائج ہمارے سامنے ہیں‘۔انہوں نے کہا ہے کہ ’چوتھی کلاس سے انگریزی کی تعلیم دینا کا تجربہ اچھا نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اب پہلی کلاس سے ہی اسے لازمی قرار دیا جائے گا‘۔
وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ ’تعلیمی نصاب کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے۔ اسے وقت کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔ نصاب کا جائزہ لینے والی کمیٹی کام کر رہی ہے‘۔انہوں نے بتایا ہے کہ ’نیا نصاب تیار کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ امید یہی ہے کہ دو سال کے بعد نیا نصاب اسکولوں میں ہوگا‘۔