انیس الغربا کامپلکس میں ٹمریز دفاتر کی منتقلی، یتیم خانہ برقرار

   

پانچویں جماعت تک تعلیم، مزید یتیم بچوں کا داخلہ ہوگا، سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال کا بیان

حیدرآباد۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس نے بتایا کہ حکومت کے فیصلہ کے تحت اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی (ٹمریز) کا ہیڈ آفس نامپلی میں واقع انیس الغرباء کامپلکس میں منتقل کیا گیا ہے اور اوپری منزلوں میں انیس الغرباء یتیم خانہ برقرار رہے گا۔ انیس الغرباء کامپلکس کے بارے میں بعض گوشوں کی جانب سے پھیلائی جارہی گمراہ کن خبروں کو مسترد کرتے ہوئے تفسیر اقبال نے کہا کہ کامپلکس کی نگرانی کے لئے حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے فیصلے کے مطابق ٹمریز کا ہیڈ آفس منتقل کیا گیا۔ حکومت نے بھی خانگی عمارتوں میں موجود سرکاری دفاتر کو سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ سرکاری کمیٹی نے انیس الغرباء کے گراونڈ فلور کو تجارتی اغراض کے لئے الاٹ کرنے کی مخالفت کی لہذا گراؤنڈ فلور ملگیات کا حصہ ٹمریز کو لیز پر دیا گیا ہے اور وقف قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کامپلکس کے مالکانہ حقوق وقف بورڈ کے ہیں اور ٹمریز گراؤنڈ فلور کا کرایہ دار ہے۔ حکومت نے اقلیتی بہبود کے دفاتر انیس الغرباء کامپلکس میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفسیر اقبال کے مطابق ٹمریز ہیڈ آفس کا خانگی عمارت کا ماہانہ کرایہ 6 لاکھ روپے ادا کیا جارہا تھا اور منتقلی کے فیصلہ سے سالانہ ایک کروڑ کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تیسری اور چوتھی منزل پر یتیم خانہ رہے گا جہاں ٹمریز کی نگرانی میں پہلی سے پانچویں جماعت تک تعلیم دی جائے گی۔ یتیم خانہ کے انتظامات کے لئے وقف بورڈ سے نگران کار عہدیدار موجود ہے۔ یتیم خانہ کے تحت 67 یتیم بچے ہیں جنہیں مشیر آباد میں رکھا گیا ہے۔ انہیں انیس الغرباء کامپلکس میں منتقلی کے بعد مزید یتیم بچوں کو داخلہ دیا جائے گا۔ ٹمریز کے تحت پانچویں جماعت تک تعلیم کا نظم رہے گا اور چھٹویں جماعت سے قریبی ٹمریز اسکول میں تعلیم کیلئے بس کا انتظام کیا جائے گا۔ سابق میں یتیم خانہ کے انتظامات کے بارے میں کئی شکایات ملی تھیں لہذا موثر نگرانی اور بہتر تعلیم کیلئے ٹمریز کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ عمارت کی دوسری منزلوں پر اقلیتی دفاتر اور اقلیتوں کے لئے کوچنگ جیسی تعلیمی سرگرمیاں رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کامپلکس کی ملکیت وقف بورڈ کے تحت ہے اور لیز معاہدہ وقف ایکٹ کے عین مطابق ہے۔ یتیم خانہ میں حقیقی معنوں میں یتیم بچوں کو داخلہ دیا جائے گا۔ 1