اوساکا نے سیرینا کو شکست دی براڈی سے خطابی مقابلہ

   


میلبورن۔ یو ایس اوپن چمپئن جاپان کی ناؤمی اوساکا نے عظیم کھلاڑی امریکہ کی سیرینا ویلیمس کا24 ویں گرانڈ سلیم خطاب کا خواب راست سیٹوں میں 6-3، 6-4 کی کامیابی کے ساتھ توڑتے ہوئے سال کے پہلے گرانڈ سلام آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنمنٹ کے خواتین کے سنگلز کے خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کرلیا جہاں ان کا مقابلہ ایک اور امریکی کھلاڑی جینیفر براڈی سے ہوگا۔ براڈی نے چیک جمہوریہ کی کیرولینا موچووا کو 6-4، 3-6، 6-4 سے شکست دی۔ تیسری سیڈ اوساکا نے 10 ویں سیڈ سرینا کو یکطرفہ انداز میں ایک گھنٹے 15 منٹ میں شکست دی۔ اس شکست کے ساتھ ہی سرینا کا 24 گرانڈ سلام کے ریکارڈ کی برابری کرنے کا خواب ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں 39 سالہ سرینا ویلیمس کی آنکھوں میں آنسو تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے پاس میچ میں کئی مواقع تھے لیکن وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں اور انہوں نے مسلسل آسان غلطیاں کیں۔23 سالہ اوساکا اب اپنے چوتھے گرانڈ سلام خطاب کے لئے امریکی کھلاڑی براڈی سے مقابلہ کریں گی ۔ براڈی نے موچووا سے اپنا مقابلہ ایک گھنٹہ 55 منٹ کی جدوجہد میں جیتا ۔