اومی کرون کو روکنے کم از کم 14 دن تحدیدات و نائیٹ کرفیو ضروری

,

   

ریاستیں اپنے اپنے طور پر درکار اقدامات کریں۔ مرکزی وزارت صحت کا ایک اور مکتوب ۔ سخت اقدامات پر زور

حیدرآباد۔23ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومتیں اومی کرون کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے روکنے رات کا کرفیو نافذ کریں اور تہواروں کے موقع پر تحدیدات عائد کرکے ہجوم کو اکٹھا ہونے سے روکا جائے۔ مرکزی حکومت کی وزارت صحت کی جانب سے آج ایک بار پھر ریاستی حکومتوں کو روانہ مکتوب میں مشورہ دیا گیا کہ وہ تحدیدات عائد کرنے کے علاوہ رات کے کرفیو نافذ کرنے پر غور کریں ۔سیکریٹری مرکزی وزارت صحت مسٹر راجیش بھوشن نے آج کورونا کی نئی قسم اومی کرون سے متاثرین کی تعداد اور اس میں اضافہ کا جائزہ لیا ۔ اجلاس کے دوران انہو ںنے اومی کرون مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ کو فوری روکنے کے اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومتوں کیلئے مرکزی وزارت صحت کی سفارشات اور ہدایات جاری کی جاچکی ہیں اور تمام ریاستوں کو روانہ مکتوب میں انہیں تہواروں کے موقع پر تحدیدات کے علاوہ رات کے کرفیو کے نفاذ کے سخت اقدامات کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ مرکزی وزارت صحت نے ماہرین کی سفارشات کے مطابق کم از کم 14 دن کیلئے تحدیدات کے علاوہ رات کے کرفیو کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اومی کرون کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے۔ مرکزی حکومت کی تجاویز میں رات کے کرفیو کے نفاذ کے علاوہ ‘ کورونا متاثرین کے جینوم کی فوری جانچ کیلئے نمونوں کی روانگی ‘ متاثرین کے قرنطینہ کے اقدامات شامل ہیں۔ مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو سرکاری دواخانو ںمیں بستروں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے علاوہ آکسیجن کی سہولت کو بہتر بنانے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ضلع واری اساس پر ڈیلٹا اور اومی کرون کے متاثرین کی تعداد یومیہ اعتبار سے تیار کی جائیں ۔عوام میں شعور بیداری کے ساتھ ٹیکہ اندازی ‘ ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنانے کی مہم چلائی جائے۔مرکز نے ان ریاستوں میں جہاں آئندہ چند ماہ کے دوران انتخابات ہیں ان کی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابات سے قبل 100 فیصد ٹیکہ اندازی کو مکمل کریں تاکہ انتخابات کے انعقاد میں کوئی دشواری نہ ہو۔ مرکز نے اپنی تجاویز میں رات کے کرفیو پر دوبارہ زور دیا ہے اور ملک کی دیگر ریاستوں میں تہواروں اور تقاریب پر عائد امتناع کے حوالہ دیئے جارہے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مرکز کی تجاویز پر عمل کے سلسلہ میں تاحال کوئی فیصلہ یا اشارے نہیں دیئے گئے ہیں ۔ کہا جار ہاہے کہ حکومت ہائی کورٹ احکامات کے مطابق اومی کرون مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو روکنے اقدامات کریگی۔م