اونی لباس… موسمِ سرما کا تقاضا ہیں

   

ایک دور بھی تھا جب ہماری بزرگ خواتین ستمبر سے اکتوبر یا نومبر کے اوائل تک اون سلائیاں لئے کچھ نہ کچھ بْنتی نظر آتی تھیں۔خاص کر نانیاں،دادیاں،خالائیں اور پھوپھیاں اپنے بچوں،نواسے نواسیوں پوتے پوتیوں کیلئے دیدہ زیب سویٹر،مفلر،ٹوپیاں،موزے اور جوتے تک بنا لیتی تھیں ۔ ننھے سے بچوں کو سردی سے محفوظ رکھنے کیلئے یہ بڑی بوڑھیا ں دن رات ملبوسات تیار کرتیں ان کی ہر بنائی اور کڑھت میں پیار کی چاشنی اور شفقت گھلی رہتی تھی اب یہ نیا دور مشینوں کا ہے اور ہم دیکھتے ہیں کہ بازاروں میں نت نئے ڈیزائنوں کے اونی فراکس،مفلرز،ننھے منے جوتے،موزے،سویٹر اور ٹوپیاں بنی بنائی ملنے لگی ہیں۔ جس چیز میں زیادہ اون لگتی اور خوشنما ڈیزائن ہوتا ہے وہ اتنی ہی بیش قیمت بھی ہوا کرتی ہے مگر ہم اپنے جگر گوشوں کو سرد موسم کی شدت سے محفوظ رکھنے کیلئے قیمت اور معیار پر سمجھوتہ نہیں کرتے اور جھٹ سے یہ اشیاء خرید لیتے ہیں۔یہ اور بات ہے کہ ہاتھوں سے بنائی ہوئی فراکوں یا ٹوپیوں کی خوبصورتی،جاذبیت اور پائیداری مشینوں کو مات دیتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔سردیوں میں بچوں کو ہاتھ سے بنی ہوئی دیدہ زیب ٹوپیاں پہنانی ضروری اس لئے بھی ہیں کہ ان کے کان،ناک اور گلے بہت حساس اور نازک ہوتے ہیں۔تیز ہوائیں انہیں ماحولیاتی آلودگی کا شکار کر سکتی ہیں باقی رہا سوال موسم کے حسن کا جوبن پر آنا تو یہ انسان کی جمالیاتی حس بھی اتنی ہی تقویت چاہا کرتی ہے ۔ آپ بھی ذرا سی کوشش سے اپنے ننھے منے تاروں اور پھول جیسی بچیوں کیلئے ٹوپیاں، کوٹیاں،اونی لباس (پاجامے ، فراک،موزے وغیرہ) تیار کر سکتی ہیں۔ٹیکنالوجی اور یوٹیوب کی ویڈیوز نے تو یہ مہارتیں ہر خاص و عام میں متعارف کرا دی ہیں۔پہلے کبھی دوپٹوں پر کروشیے کی دل آویز لیسیں بنائی جاتی تھیں اب بنی بنائی لیسوں یا پھر پیکو کرانے کا رواج آ چکا ہے۔رواج کوئی بھی برا یا پرانا نہیں ہوتا اور ضرورت ایجاد کی ماں ہوتی ہے۔موسم کے تقاضوں کو سمجھئے اور درج ذیل ٹوپیوں کی قسموں کو اپنے ذوق انتخاب میں شامل کر لیجئے۔خواتین کیلئے Beanie Cap انہیں موسم کی شدت سے بھی محفوظ رکھنے کیلئے موزوں ہے اور دوسرے ان کی شخصیت کو بھی نکھار دیتی ہے۔بچوں کیلئے Pom Pom hat ٹیلز یا کارٹون کریکٹرز کے ساتھ بنائی جائیں تو بہت زیادہ جاذب نظر ہوتی ہیں۔اسی طرح بچوں کے Boot بھی بنتے ہیں اور اس کے ہم رنگ فراک یا سویٹر بہت دیدہ زیب دکھائی دیتے ہیں۔ خواتین Chook Tongue اور Bonnet بھی پسند کرتی ہیں یہ بھی کانوں کو ڈھکتی ہیں اور آپ کی شخصیت کو اعتماد بھی دیتی ہیں۔