اُردو صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے منظم جدوجہد ضروری

   

عادل آباد۔ 2؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ اُردو سے وابستہ صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ضلعی اور ریاستی سطح پر ایک منظم جدوجہد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار عادل آباد ضلع ایس پی اودئے کمار ریڈی نے اپنے کیمپ آفس میں ٹی یو ڈبلیو جے یو یونین کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا اور اقلیتوں میں پائی جانے والی تعلیمی پسماندگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری ہے جس میں مسلم نوجوانوں کی تعداد صرف دو فیصد ہوکر رہ گئی ہے۔ اپنے بچوں کو تنظیم سے آراستہ کرانے، ان کے والدین کو فکرمند ہونے کا جہاں ایک طرف مشورہ دیا، وہیں اُردو میڈیا نمائندوں کی جانب سے ضلعی خبروں کی اشاعت پر اظہار مسرت کیا۔ ضلع عادل آباد ایس پی اودئے کمار ریڈی سے خیرسگالی ملاقات پر تلنگانہ اُردو ورکنگ جرنلسٹس یونین عادل آباد تنظیم کی جانب سے ضلع ایس پی کو شال پوشی کرتے ہوئے انہیں گلدستہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیم صدر عبدالعلیم، جنرل سکریٹری محمد حمایت اللہ اصغر، خازن محمد شعیب الطاف، ریاستی رکن شفیق احمد اطہر، ایگزیکٹیو ممبران میں محمد کاشف جمیل، مطیع الرحمن، پی آر او محمد اکبرالدین بھی موجود تھے۔