آج تیسرا ٹی 20

   

احمدآباد : سیریز کو برابر کرنے والی کامیابی کے بعد ہندوستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور وہ کل یہاں انگلینڈ کے خلاف 5 مقابلوں کی سیریز کے تیسرے ٹی 20 میں بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اُترنے کے علاوہ کامیابی کے لئے کوشاں ہوگی تاکہ سیریز میں سبقت حاصل کی جاسکے۔ میزبان ٹیم نے ٹی 20 سیریز کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا تھا اور اسے افتتاحی مقابلے میں 8 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی لیکن دوسرے مقابلے میں اس نے مقابلہ کا نقشہ پلٹتے ہوئے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ اِس مقابلے میں ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ٹیم کے کھلاڑیوں نے کرکٹ کے تمام شعبوںمیں بہترین مظاہرہ کیا خاص کر کہ نوجوان بیٹسمین ایشان کشن کی ٹیم میں شمولیت موضوع بحث رہی لیکن انھوں نے 32 گیندوں میں 56 رنز اسکور کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیئے جانے کی طرز رسائی کو حوصلہ بخشا ہے۔ علاوہ ازیں میزبان ٹیم کو کوہلی کی ناقابل تسخیر اننگز سے بھی حوصلہ ملے گا۔ کوہلی انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں بھی کوئی خاص مظاہرہ نہیں کرپائے تھے اور پہلے ٹی 20 میں بھی ان کا مظاہرہ مایوس کن رہا لیکن دوسرے مقابلہ میں انھوں نے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی۔ بولنگ شعبہ میں ہندوستانی بولروں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 164 رنز تک محدود رکھا۔ علاوہ ازیں سب سے حوصلہ افزاء نتیجہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی جانب سے 4 اوورس کی بولنگ ہے۔ پانڈیا کی جانب سے بولنگ کرنے کے بعد ہندوستان کو زاید بیٹسمین کے ساتھ مقابلہ میں اترنے کا موقع دستیاب رہے گا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشبھ پنت جنھیں گزشتہ مقابلہ میں بیاٹنگ کی صف بندی میں سریاش ایئر سے اوپر بھیجا گیا لیکن وہ اِس موقع سے فائدہ نہیں اُٹھا سکے۔ کل کے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم میں تبدیلی کا بھی امکان ہے۔ جیسا کہ کشن نے شاندار مظاہرہ کیا ہے تو دوسری جانب کے ایل راہول کے مظاہرے مایوس کن ہیں لہذا انھیں روہت شرما کے لئے جگہ چھوڑنی پڑسکتی ہے۔ اِس سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا اصل مقصد رواں برس اکٹوبر میں منعقد شدنی آئی سی سی کی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ایک طاقتور ٹیم تیار کرنا ہے۔ دوسری جانب انگلینڈ کا بولنگ شعبہ مارک ووڈ کی عدم موجودگی میں کمزور دکھائی دیا جوکہ زخمی تھے لیکن انگلش کپتان یان مورگن نے توثیق کردی ہے کہ تیسرے ٹسٹ میں واپسی کریں گے۔ انگلش اوپنر جیسن رائے بہترین فارم میں دکھائی دیئے لیکن ابتدائی دونوں ہی مقابلوں میں وہ نصف سنچری اسکور کرنے سے محروم رہے لیکن اُمید کی جارہی ہے کہ وہ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں آگے بڑھیں گے۔ یہاں کی وکٹ اسپنرس کے لئے سازگار ہونے کی اُمید ہے۔ یاد رہے کہ دنیا کے سب سے بڑے میدان نریندر مودی اسٹڈیم کی وکٹ پراسپنرس کا بول بالا رہاہے جیسا کہ یہاں کھیلے گئے دو ٹسٹ مقابلوں میں ہند۔انگلش ٹیمیں کوئی ہمالیائی اسکور نہیں بنا پائی تھی جبکہ ٹی 20 میں بھی حالات یکساں ہی نظر آئے ۔