آر ٹی سی ملازمین کی کسی بھی وقت ہڑتال متوقع

   

دیرینہ مطالبات کی فوری یکسوئی پر زور، ایم ڈی کارپوریشن کو ہڑتال کی نوٹس

حیدرآباد 12 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ ملازمین اپنے دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کے مطالبہ پر کسی وقت سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کردیں گے اور اس غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے لئے قبل ازوقت کوئی تاریخ کا اعلان کرنے کا بھی قطعی کوئی امکان نہیں ہے کیوں کہ کارپوریشن کی تمام یونینوں نے ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے مطالبہ پر باقاعدہ طور پر ہڑتال کی نوٹس ٹی ایس آر ٹی سی انتظامیہ کے حوالہ کرچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کارپوریشن کی اہم ترین ٹریڈ یونین تلنگانہ مزدور یونین نے بھی کسی بھی وقت ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تمام یونینوں کا اہم مطالبہ یہ ہے کہ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کو فی الفور حکومت میں ضم کردینا چاہئے۔ علاوہ ازیں اس مطالبہ کے ساتھ ساتھ مزید 45 مطالبات پر مشتمل نوٹسیں بھی کارپوریشن انتظامیہ کو پیش کئے جاچکے ہیں اور ان یونینوں کے قائدین نے اپنے دیرینہ حل طلب مطالبات کی یکسوئی نہ کئے جانے کی صورت میں کسی بھی صورت میں 25 ستمبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ یونین جنرل سکریٹری ای اشواتھاما ریڈی، کارگذار صدر ایم تھامس ریڈی نے ٹرانسپورٹ منسٹر پی اجئے کمار سے اور منیجنگ ڈائرکٹر انچارج سنیل شرما سے ملاقات کرکے انھیں بھی ہڑتال کی نوٹسیں پیش کئے۔ پیش کردہ مطالبات میں ٹی ایس آر ٹی سی کے تمام ملازمین اور ورکروں کو پے اسکیلس کو روبہ عمل لانے، سال 2018 ء ماہ جون میں کابینی سب کمیٹی کی جانب سے دیئے گئے تیقنات پر فوری عمل آوری کرنے کے علاوہ دیگر مطالبات بھی شامل ہیں۔ ان قائدین نے مزید بتایا کہ اگر کارپوریشن ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع ہوتی ہے تو اس مرتبہ کافی طویل مدت تک جاری رہے گی کیوں کہ مطالبات کی یکسوئی تک ہڑتال ختم نہ کرنے کا تمام یونینوں نے فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں صرف تیقنات کی بنیاد پر ہڑتال ختم کرنے پر بعدازاں مطالبات کی یکسوئی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور مطالبات کو لیت و لعل میں ڈال دیا جاتا رہا جس کی روشنی میں اس مرتبہ مطالبات کی قطعی یکسوئی تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور یونین قائدین کا ادعا ہے کہ مطالبات کی یکسوئی کے لئے یہ قطعی جدوجہد رہے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ یونینوں کے قائدین سے وزیر ٹرانسپورٹ اجئے کمار نے بتایا کہ تمام آر ٹی سی یونینوں کے مطالبات سے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو واقف کروایا جائے گا۔ اسی دوران نیشنل مزدور یونین صدرنشین ناگیشور راؤ نے بھی اپنے دیگر ساتھی قائدین مسرس کمل ریڈی، محمد مولانا اور نریندر ریڈی کے ہمراہ منیجنگ ڈائرکٹر سنیل شرما سے ملاقات کرکے ہڑتال کی نوٹس پیش کی۔ اب تک تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایمپلائیز یونین، ایس ڈبلیو ایف، تلنگانہ نیشنل مزدور یونین و دیگر یونینوں نے ہڑتال کی نوٹسیں پیش کرچکی ہے۔