آسٹریلیا میں ایک خاتون کو وہیل مچھلی نے زخمی کردیا

   

ملبورن۔ مغربی آسٹریلیا میں ایک ہمپ بیک وہیل مچھلی نے ایک خاتون کو زخمی کر دیا۔ گذشتہ ایک ہفتے میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ مذکورہ خاتون جمعرات کے روز ننگالو ریف میں سنورکلنگ یعنی زیر سمندر تیراکی کر رہی تھیں۔ اس سے چند روز قبل ہی ایک اور آسٹریلوی خاتون جب اسی ریف میں تیر رہی تھیں تو انھیں ایک وہیل نے زخمی کیا اور ان کی پسلیاں ٹوٹ گئی تھی اور ان کے جسم میں اندرونی طور پر خون بہنا شروع ہو گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ ان دونوں واقعات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پہلے واقعہ میں ہفتہ کو 29 سالہ خاتون دو ہمپ بیک وہیل مچھلیوں کے درمیان پھنس گئی تھیں۔ یہ مچھلیاں 19 میٹر یعنی 62 فٹ تک لمبی ہوتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایک اور خاتون کا ہی مسٹرنگ پٹھا اس وقت زخمی ہوا جب انھیں ایک وہیل مچھلی کا فِن لگ گیا تھا۔