آسٹریلیا میں سیلاب سے 8 افراد ہلاک

   

سڈنی: آسٹریلیا میں شدید سیلاب کی وجہ سے 8 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ملک کے مشرقی ساحلی علاقوں میں موسم خراب ہے جس کے باعث لوگوں کو رہائشی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے اور اسکول بند کردیئے گئے ہیں۔کوئنز لینڈ کی ریاستی پولیس نے پیر کو بتایا کہ ریاست میں سیلابی پانی میں دو افراد بہہ گئے ۔ ایک شخص دارالحکومت برسبین کے شمال میں ہلاک ہوا اور دوسرا گولڈ کوسٹ کے ایک گاؤں میں مردہ پایا گیا۔کوئنز لینڈ کی پریمیئر ایناستاسیا پالاسچک نے کہا کہ سیلابی پانی میں اضافے کے باعث 1,540 لوگ اس وقت جنوب مشرق کے مختلف علاقوں میں ریلیف کیمپوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے تقریباً 18,000 گھر متاثر ہوئے اور 1,000 اسکول عارضی طور پر بند کر دیے گئے ۔محکمہ موسمیات کے کوئنز لینڈ بیورو نے خبردار کیا ہے کہ ریاست میں زیادہ سے زیادہ بارش 530 ملی میٹر تک پہنچ گئی ہے اور اگلے چند دنوں تک شدید بارش جاری رہ سکتی ہے ۔خراب موسم جنوب کی طرف بڑھ رہا ہے اور شدید بارشوں اور سیلاب سے ریاست نیو ساؤتھ ویلز کو خطرہ ہے ۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر چلے جائیں کیونکہ سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتاہے ۔لزمور کے میئر سٹیو کریگ نے صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے بتایاکہ لوگ اپنے گھروں اور گھروں کی چھتوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔