آندھراپردیش اسمبلی سے تلگودیشم کے 3 ارکان کی معطلی پراحتجاج

   

حیدرآباد 23 جولائی (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن آندھراپردیش ریاستی قانون ساز اسمبلی مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو سخت الفاظ میں جھنجھوڑتے ہوئے استفسار کیاکہ آیا اسمبلی اجلاس سے ایک پسماندہ طبقہ کے قائد کو معطل کرکے پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف کرنے کی بات کس بنیاد پر کی جارہی ہے۔ آندھراپردیش اسمبلی کے اجلاس سے تین ارکان اسمبلی ٹی ڈی پی کو معطل کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اسپیکر اسمبلی بھی ناقابل مدد ثابت ہورہے ہیں اور وہ محض چیف منسٹر جگن موہن کے دباؤ میں آکر کسی بھی نوعیت کے اقدامات پر مجبور ہورہے ہیں۔ انھوں نے اسپیکر اے پی اسمبلی ٹی سیتارام پر الزام عائد کیاکہ اسپیکر دونوں پارٹیوں یعنی برسر اقتدار اور اپوزیشن کے مابین کوئی صلح صفائی کی ہرگز کوشش نہیں کررہے ہیں تاکہ ایوان کی کارروائی کو بہتر انداز میں جاری رکھا جاسکے۔ چندرابابو نائیڈو نے مزید کہاکہ گورنمنٹ چیف وہپ اور دیگر گورنمنٹ وہپس بھی ایوان کی کارروائی میں بہتری پیدا کرنے اور تال میل برقرار رکھنے کے لئے کسی بھی نوعیت کی کوشش نہیں کررہے ہیں بلکہ اپوزیشن ارکان کے خلاف الزام تراشیوں کا موقع ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔