آندھراپردیش میں کورونا کے 21 نئے کیسیس، تعداد 44 ہوگئی

,

   

14 افراد دہلی اجتماع میں شریک ہوئے تھے، ایک شخص بیرون ملک اور دو بیرون ریاست متاثر ہوئے تھے

امراوتی 31 مارچ (این ایس ایس) آندھراپردیش میں کورونا وائرس کے کیسیس میں پیر کی رات اچانک ہولناک اضافہ ہوا اور 21 نئے کیسیس کا پتہ چلنے کے بعد ان کی مجموعی تعداد 44تک پہونچ گئی۔ ریاستی محکمہ صحت و طبابت کے تازہ ترین بلیٹن کے بموجب 21نئے مریضوں میں 17وہ ہیں جنھوں نے 13 اور 15 مارچ کے دوران دہلی کے علاقہ نظام الدین میں منعقدہ تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ دیگر تین مریضوں میں ایک شخص سعودی شہر مدینہ منورہ میں اس وباء سے متاثر ہوا تھا جبکہ دیگر دو مریض کرناٹک میں اُس شخص سے متاثر ہوئے تھے جو مکہ معظمہ سے واپس ہوا تھا۔ ضلع پرکاشم میں سب سے زیادہ آٹھ کیسیس مشتبہ پائے گئے جس کے بعد اننت پور میں دو، چتور،کرنول اور نیلور میں ایک ایک شخص مثبت پایا گیا۔ قبل ازیں گنٹور میں 9 ، کرشنا میں پانچ، پرکاشم میں 11 اور وشاکھاپٹنم میں چھ افراد مشتبہ پائے گئے تھے۔ پیر کی رات سے 256افراد کے معائنے کئے گئے جس میں 235منفی پائے گئے۔ 17 کیسیس کورونا وائرس مثبت پائے گئے ہیں۔ حکومت آندھراپردیش ریاست کے 369 مشتبہ افراد کی نشاندہی کی ہے جنھیں قرنطینہ میں رکھنے کیلئے خانگی خطوط پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تبلیغی جماعت کے 2000 ارکان دہلی کے اجتماع میں شرکت کی تھی وہ 18 اور 20 مارچ کے درمیان اپنے گھر واپس ہوئے تھے۔ حکومت تلنگانہ نے گزشتہ روز اُن چھ افراد کی موت کا اعلان کیا تھا جنھوں نے دہلی میں جماعت کے اجتماع میں شرکت کی تھی۔ ان واقعات کے بعد آندھراپردیش کے مختلف اضلاع میں حکام کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ کھانسی ، زکام اور سانس لینے میں دشواری کی صورت میں فی الفور دواخانہ سے رجوع ہوں۔