عید گاہ گنبدان قطب شاہی میں مولانا متین علی شاہ کا خطاب
حیدرآباد 29 مئی (راست): تسلیم و رضا کے ساتھ رب حقیقی کی بندگی اور تقوی و پرہیز گاری ہی قربانی کی اصل روح ہے۔ تقوی ہی وہ عظیم روحانی جذبہ ہے جو بندگی کا حامل ہے اور تمام اسلامی عبادات کا جز بھی ہے۔ مسلمان اپنی اولاد کو آداب فرزندی سکھائیں جو دنیا اور آخرت میں کامیابی و سرخروئی کا ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری (خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی گولکنڈہ) نے عیدالاضحٰی کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ابتداء میں جناب غلام محی الدین خان پاشاہ نے مصلیوں کا خیرمقدم کیا اور عیدگاہ کے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ مولانامتین علی شاہ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قربانی درحقیقت اس عہد کی تجدید ہے جس میں بتایا گیا کہ ہمارا جینا اور مرنا اللہ کے لیے ہے۔ آج کے اس نازک دور میں ضرورت اس بات کی ہے کہ قربانی کی حقیقی روح کو سمجھیں اور اس کو اپنی زندگی میں نافذ کرنے کی سعی و جدوجہد کریں۔ مولانا متین علی شاہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پاکیزہ سیرت کا مطایعہ کریں اور اپنی اولاد کو خلوص و للہیت کے ساتھ ہمیشہ تسلیم و رضا، ایثار اور قربانی کی تعلیم دیتے ہوے اس کا پابند بنائیں اس لیے کہ جو قوم اپنے قلب و ذہن میں قربانی کے ایک حسین و جامع تصور کو باقی اور برقرار رکھتی ہے کائنات کا مالک اس کی حفاظت کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ رب کائنات کی بارگاہ میں محض جانوروں کو زبح کرنا ہی اہمیت کا حامل نہیں بلکہ اپنے مزاج اور نفس کو شریعت کے مطابق ڈھالنے کا نام قربانی ہے۔ آج زمانہ اور وقت اتحاد کی چاروں طرف سے آواز دے رہا ہے ایسے میں ضروری ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ مولانا سید متین علی شاہ نے مصلیان عیدگاہ سے اپیل کی کہ وہ ایس آئی آر میاپنگ کے کروانے میں آگے آئیںاس میں تاخیرنہ کریں جس کے لیے ہر حلقہ میں مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ وہ اپنے ساتھ ووٹر کارڈ،آدھا کارڈ کے ساتھ مراکز جائیں اور اپنے نام کی میاپنگ کروایں تاکہ آئندہ کسی قسم کی دشواری پیدا نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ جس کی عمر اٹھارہ سال مکمل ہو گی ہے وہ اپنے نام ووٹر لسٹ میں درج کروائیں جس کے لیے اپنے آدھا کارڈ فوٹو، برقی بل، دسویں جماعت کا مارکس میمو ساتھ رکھیں۔ خطبہ کے دوران اور نماز عید کے بعد عالم اسلام خصوصیت کے ساتھ مسجد اقصی و فلسطینیوں عامتہ المسلمین اور ملک کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔ جناب کوثر محی الدین کی نگرانی میں بلدی، آبرسانی، برقی، اور پولیس کے انتظامات کئے گئے تھے۔ نماز عید ادا کرنے کے لئے جناب تفسیر اقبال (آئی پی ایس جوائنٹ کمشنر آف پولیس) نے اپنے بھائی اور فرزند کے ہمراہ عید گاہ گنبدان قطب شاہی پہنچے۔ مولانا متین علی شاہ اور اراکین کمیٹی گنبدان قطب شاہی سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر شکیل علی خان،حبیب زین العابدین عابد، حبیب صفی، عزیز خان پٹھان، ہارون فرحان کارپوریٹر، اور دوسروں نے انتظامات میں حصہ لیا۔ آخر میں سب کا شکریہ ادا کیا گیا۔