اپنے یو ٹیوب چیانل کی ناکامی سے دلبرداشتہ نوجوان کی خودکشی

   

ذہنی تناؤکا شکار آئی آئی ٹی کے طالب علم نے چھت سے چھلانگ لگادی

حیدرآباد : /21 جولائی (سیاست نیوز) یوٹیوب چینل پر دیکھنے والے افراد کی کمی سے دلبرداشتہ آئی آئی ٹی کے ایک طالب علم نے سعیدآباد علاقہ میں اپارٹمنٹ سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق 23 سالہ سی دھینا جو آئی آئی ٹی گوالیار سے تعلیم حاصل کررہا تھا سعیدآباد کے آدرش ہائیٹ کا ساکن تھا ۔ آج دوپہر اُس نے اچانک اپارٹمنٹ کی چھت سے چھلانگ لگادی جس کے نتیجہ میں اس کے سر پر گہرا زخم آیا اور وہ برسرموقع ہی ہلاک ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد اپارٹمنٹ میں سنسنی پھیل گئی اور فوری سعیدآباد پولیس کی ایک ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ متوفی سی دھینا نے SELFLO کے نام سے ایک یوٹیوب چینل شروع کیا تھا اور اس چینل کو دیکھنے کے لئے اطمینان بخش ناظرین دستیاب نہیں ہوئے ۔ اتنا ہی نہیں متوفی نوجوان کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا اور وہ دماغی تناؤ کا شکار ہوگیا تھا ۔ پولیس تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دھینا نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹ لانگر پر ایک خودکشی نوٹ بھی اپ لوڈ کیا جس میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہے اور بچپن میں ہی اس کا جنسی استحصال ہوا تھا ۔ آئے دن ماں باپ کے جھگڑوں سے پریشان تھا اور وہ اپنی تعلیم اور دیگر کام کاج پر بھی توجہ نہیں دے پا رہا تھا ۔ نوجوان نے اپنے خودکشی نوٹ میں یہ بھی تحریر کیا ہے کہ سال 2013 ء سے وہ بعض یوٹیوبرس کے ویڈیو دیکھا کرتا تھا اور اس نے بھی یوٹیوب چینل تیار کرکے اس کے ذریعہ کامیاب یوٹیوبر بننا چاہتا تھا لیکن اس کی یہ خواہش پوری نہ ہوسکی۔ پولیس نے نوجوان کا خودکشی نوٹ بطور ثبوت حاصل کرلیا ہے اور مشتبہ حالت میں موت واقع ہونے کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکے کا والد ریلوے میں ملازم ہے جبکہ ماں ڈی آر ڈی او میں کام کرتی ہے۔لڑکے کو یہ بھی شکایت تھی کہ اس کے ماں باپ اس کی رہنمائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ب