اپوزیشن کے اتحاد سے بی جے پی میں خوف اور مایوسی : کانگریس

   

وزیر اعظم اور ان کی پارٹی میں ہٹ دھرمی والا رویہ ۔ وزارت عظمیٰ امیدوار پر انتخابات کے بعد فیصلہ : ابھیشیک سنگھوی
نئی دہلی 21 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج دعوی کیا ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستان کے عوام کے مابین ہونگے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے نتیجہ میں بی جے پی میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاوڈیکر کے اس بیان پر کہ اگر نریندر مودی اقتدار پر نہیں ہونگے تو ملک میں نراج کی کیفیت پیدا ہوجائیگی کانگریس ترجمان ابھیشیک مانو سنگھوی نے کہا کہ یہ یہ بی جے پی کی ہٹ دھرمی ہے کہ مرکزی وزرا اس طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات مودی اور ہندوستانی عوام کے درمیان ہونگے۔ یہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کی ہٹ دھرمی ہے کہ اس طرح کے دعوے کئے جا رہے ہیں جس سے ان کے خوف اور مایوسی کا پتہ چلتا ہے ۔ جاوڈیکر نے مزید کہا تھا کہ مودی کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا اور اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد صرف وزیر اعظم کو بیدخل کرنے کیلئے ہے ۔ مسٹر سنگھوی نے کہا کہ ایسا صرف اس لئے ہو رہا ہے کیونکہ ان کے ذہن و دل میں خوف پیدا ہوگیا ہے ۔ یہ ڈر و خوف اپوزیشن اتحاد کی وجہ سے پیدا ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ دو دن قبل ہی کولکتہ میں ممتابنرجی کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کی ریلی منعقد ہوئی تھی جس میں تقریبا 20 سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی تھی ۔ چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی کے اس بیان پر کہ ممتابنرجی میں ملک کی وزیر اعظم بننے کی صلاحیت موجود ہے مسٹر سنگھوی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ جو کچھ اس میں میڈیا کہنے کی کوشش کر رہا ہے کمارا سوامی کا وہ مطلب ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی کا مسئلہ در اصل بی جے پی کی جانب سے پیدا کیا جا رہا ہے ۔ ہمارے پاس کئی وزرائے اعظم رہے ہیں لیکن ہم پورے ڈسیپلن سے کام کرتے ہیں اور تمام جماعتوں کا ایک مقصد ہے کہ ایک مشترکہ مقصد کے تحت وزارت عظمی کے تعلق سے فیصلہ ہو ۔ کانگریس کے ایک اور سینئر لیڈر آنند شرما نے وزیر اعظم مودی کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات اپوزیشن کی دولت کی طاقت اور بی جے پی کی عوامی طاقت کے مابین ہونگے ۔ آنند شرما نے کہا کہ اس سے حقائق کا انکار ہوتا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن کے پاس عوام کی طاقت ہے ۔