اڈانی کے گھوٹالوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ

   

نارائن پیٹ میں کانگریس کے اجلاس سے ضلع صدر واکٹی سری ہری کا خطاب

نارائن پیٹ یکم / مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی نارائن پیٹ کے صدر ضلع مسٹر واکٹی سری ہری نے الزام عائد کیا کہ مودی اور اڈانی ملکر ملک کے خزانے لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کے ضلعی دفتر سی وی آر بھون میں ایک اجلاس جس میں ضلع بھر کے نامور اور سینئیر کانگریس قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی ۔ مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم مودی اپنے کارپوریٹ دوستوں کیلئے ملک کے خزانے کھول دئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اور اس پر بحث نہ کرنے کیلئے توجہ ہٹارہی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ وہ اڈانی کی جائیداد اور گھوٹالہ پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے سے کیوں ہچکچارہے ہیں ۔ مودی کے دوست اڈانی نے دنیا بھر میں کمپنیاں قائم کیں ۔ سرمایہ کاری کی غریب عوام نے شیرز کی شکل میں پیسے لگائے تاہم اڈانی نے کمپنیوں کو گھوٹالے سے دوچار کردیا ۔انہوں نے کہا کہ اڈانی کے پاس دفاع ، بجلی اور کوئلہ کے شعبوں میں تجربہ نہ ہونے کے باوجود مودی حکومت نے لاکھوں کروڑ روپیہ کے ٹھیکے دئے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اڈانی کے گھوٹالے کی سی بی آئی ، سی آئی ڈی کے ذریعہ تحقیقات کرائیں جائیں ۔ اس موقع پر ضلع کانگریس کے قائدین مسٹر نرسمہلو ، جی سدھاکر، محمد غوث ، سدا شنیو ریڈی ، کے رویندر ریڈی ، محمد سلیم کونسلر ، ماگنور منڈل کے صدر آنند گوڑ ، گوردھن گوڑ اور دیگر نے شرکت کی ۔