اڈانی گروپ کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ، ضلع کانگریس صدر

   

محبوب نگر ۔ 24 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 2014 سے بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد سے اڈانی کی خاطر قوانین کو ایک طرف کرکے رکھ دیا گیا ہے۔ ایرپورٹس، بندرگاہوں، بڑے بڑے سرکاری شعبوں بلکہ ملک کو تک اڈانی کے لئے رہن رکھ دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کانگریس کے صدر جی مدھوسدھن ریڈی نے کانگریس کے اہم قائدین کے ساتھ ضلع کانگریس کے دفتر میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مرکز سے سوال کیا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، سی بی آئی جیسی ایجنسیاں اڈانی کے خلاف کیس درج کرنے سے کیوں پیچھے ہٹ رہی ہیں؟ جبکہ اس کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہو رہی ہے۔ آخر کس کے دباؤ میں ایجنسیاں اپنا کام روکے ہوئے ہیں جبکہ پبلک سیکٹر کے اداروں کو سنگین خطرہ ہے۔ مرکزی حکومت اڈانی گروپ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) قائم کرنے سے کیوں خوفزدہ ہے؟ جبکہ مودی ان ایجنسیوں کو اپنے سیاسی مخالفین کو ہراساں کرنے اور ڈرانے کے لئے تو استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے اڈانی گروپ کی تحقیقات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔