اگلے 15 برس میں روس کی 30% آبادی مسلمانوں کی ہوگی : روسی مفتی اعظم

   

ماسکو۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) روس کے مفتی اعظم راول زین الدین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اگلے 15 برس میں روس کی 30 فیصد آبادی مسلمانوں کی ہوگی۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس میں تقریبا 2 کروڑ مسلمان موجود ہیں۔ یہ تعداد روس کی آبادی کا 10 سے 14 فیصد ہے۔ روس کے مفتیوں کی کونسل کے چئیرمین راول زین الدین نے بتایا کہ 15 برس میں یہ تعداد 30 فیصد تک بڑھ جائے گی،اس کا مطلب یہ ہے کہ روس کے بڑے شہروں میں نئی مساجد کی تعمیر ہوگی۔اس کے علاوہ روس کی آرتھوڈکس گرجا گھر کے بڑے پادری دیمتری سمرنوف نے بھی کہا ہے کہ سال 2050 ء تک روس میں کوئی روسی باشندہ باقی نہیں رہے گا۔ روس کے تاشقند ، سمرقند اور بخارا ایسے شہر ہیں جہاں اسلامی فن تعمیر کی نادر و نایاب کی عمارتیں موجود ہیں جن سے روس میں اسلام کے غلبہ کا اندازہ ہوتا ہے، لہذا یہ کوئی انہونی بات نہیں ہوگی کہ آئندہ 15 سال میں مسلمانوں کا تناسب دوگنا ہوجائے گا۔