گھروں کو چکن ، مردوں میں شراب ، بچوں میں پٹاخے اور خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : اہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے حلقہ منوگوڑ ضمنی انتخاب کے پیش نظر ووٹرس کو دیوالی دھماکہ پیش کیا جارہا ہے ۔ ووٹرس میں چکن ، شراب ، بچوں میں پٹاخے اور خواتین میں ساڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ووٹ ڈالنے میں اہم رول ادا کرنے والے مقامی قائدین کو بھاری آفرس دئیے جارہے ہیں ۔ دیوالی دھماکہ تقسیم کرنے تینوں جماعتیں کانگریس ، ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ جس پر رائے دہندے تینوں جماعتوں سے آفرس قبول کرکے تہوار کی خوشیوں میں اضافہ کررہے ہیں کیونکہ انہیں اپنی جیب خرچ سے تہوار کے پکوان کیلئے چکن ، بچوں کیلئے پٹاخے ، خواتین کو ساڑیاں خریدنے کی ضرورت نہیں ہے اور ساتھ ہی انہیں مفت میں شراب بھی پینے کو مل رہی ہے ۔ تینوں جماعتوں کے قائدین نے چکن سنٹرس کو بڑے آرڈرس دئیے ہیں ۔ مقامی قائدین کو گھر گھر ارکان خاندان کی تعداد کی لحاظ سے چکن سربراہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ سیاسی جماعتیں رائے دہندوں کو لبھانے کے ساتھ ساتھ 50 تا 100 ووٹ ڈالنے کی اہمیت رکھنے والے قائدین کو دیوالی کا بڑے پیمانے پر تحفہ دیا جارہا ہے ۔ وارڈ ممبرس سے منڈل سطح کے قائدین کو 25 ہزار روپئے سے 2 لاکھ روپئے کا نذرانہ پیش کیا گیا ہے ۔ دیوالی تہوار کے پیش نظر انتخابی مہم کی سرگرمیاں کسی قدر کم ہوئی ہیں جس پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے رائے دہندوں کو سب کچھ گھروں تک پہونچایا جارہا ہے ۔ انتخابی مہم چلانے والے قائدین بھی تہوار ارکان خاندان کے ساتھ منانے اپنے اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں ۔۔ ن