ایجنسیوں پر قبضہ کرنا مودی کی مالی اجارہ داری :راہول

   

نئی دہلی: کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر مرکزی ایجنسیوں پر قبضہ کر کے مالی اجارہ داری قائم کرنے کا الزام لگات ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں 180 سیٹوں کے اعداد و شمار کو عبور نہیں کر سکے گی ۔راہول نے نامہ نگاروں سے کہا کہ جس طرح بندرگاہوں، انفراسٹرکچر اور دفاعی شعبے میں اڈانی کی اجارہ داری ہے ، اسی طرح مودی سنٹرل سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس کا استعمال کرکے مالیاتی اجارہ داری قائم کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں بہت قریبی مقابلہ ہے اور سب کو 2004 کے انڈیا شائننگ نعرے اور اس کا نتیجہ یاد دلایا۔راہول نے کہا کہ یہ عام انتخابات نہیں ہیں۔ ایک طرف مودی اور این ڈی اے جمہوریت اور آئین پر حملہ کر رہے ہیں اور دوسری طرف انڈیا الائنس ہے جو جمہوریت اور آئین کے تحفظ کی لڑائی لڑ رہا ہے ۔ یہ الیکشن دو طاقتوں کے درمیان ہوگا۔ راہول نے عوام کو یاد دلایا کہ یہ ایک نظریاتی لڑائی ہے ۔