ایرانی صدر کا دورہ پاکستان مکمل، سری لنکا روانہ

   

اسلام آباد: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے کراچی سے تہران روانہ ہوگئے ۔ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری ایرانی صدر کو الوداع کہنے کراچی ایئرپورٹ پہنچے ۔اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کا کراچی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابراہیم رئیسی سے پاک ایران تجارت پر گفتگو ہوئی، ایران کے صدر نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں دلچسپی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر نے مجھے تہران کے دورے کی دعوت دی ہے ، میرے تہران کے دورے کا مقصد تجارتی تعلقات کا استحکام ہوگا۔دوسری جانب ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کومیرے آنے سے جو تکلیف ہوئی اس پرمعذرت کرتا ہوں۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کراچی میں عشائیے سے خطاب میں واضح کیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاک ایران تعلقات خراب نہیں کر سکتی، دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ، ثقافت اور مذہب کے مضبوط رشتے سے جڑے ہیں۔انھوں نے صیہونی ریاست کے خلاف ڈٹے رہنے کا اعلان بھی کیا اور فلسطین کی آزادی کو اولین ترجیح قرار دیا۔بعد ازاں ابراہیم رئیسی سری لنکا روانہ ہوگئے۔