ایران آبنائے ہرمز کھولنے اور حملے نہ کرنے کا اعلان کرے

,

   

امریکہ کا تازہ الٹی میٹم ۔ حملے یادداشت مفاہمت کی خلاف ورزی ہونے کا ادعا
واشنگٹن، 11 جولائی (یو این آئی) امریکہ نے ایران کو الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر آبنائے ہرمز میں حملے روکنے ، راستہ کھلا رکھنے کا اعلان کرے ۔امریکہ نے ایران سے ہرمز میں حملے بند کرنے کے عوامی اعلان کا مطالبہ کیا ہے ، امریکی ویب سائٹ ایکسیوس نے تین امریکی عہدیداروں کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ انتظامیہ نے ایران سے کہا ہے کہ وہ عوامی سطح پر یہ اعلان کرے کہ آبنائے ہرمز جہاز رانی کیلئے کھلا ہے اور وہ تجارتی جہازوں پر حملے بند کر دے گا۔عہدیداروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن نے علاقائی ثالثوں کے ذریعے یہ پیغام براہِ راست تہران تک پہنچایا ہے ۔ امریکہ کا کہنا ہے کہ تجارتی جہازوں پر حالیہ حملے اُس مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی ہیں، جس پر تین ہفتے قبل دونوں فریقین نے دستخط کیے تھے ، تاہم تازہ بحران نے اس نازک معاہدے کو ٹوٹنے کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔ادھر امریکہ نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں، امریکی محکمہ خزانہ نے ایرانی مالیاتی سہولت کار علی انصاری، متعدد شیڈو ایکسچینج ہاؤسز اور اُن کے ذمہ داران کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا۔ امریکی حکام کے مطابق علی انصاری، مجتبیٰ خامنہ ای سے منسلک عالمی اثاثہ جاتی نیٹ ورک کی نگرانی کرتے ہیں اور سرکاری دولت کو بیرونِ ملک جائیدادوں اور تجارتی اثاثوں میں منتقل کرتے ہیں۔حکام کے مطابق یہ ایکسچینج ہاؤسز پابندیوں کا سامنا کرنے والے ایرانی بینکوں کے اربوں ڈالر منتقل کرتے ہیں، ہانگ کانگ اور متحدہ عرب امارات میں قائم دو کمپنیوں کو بھی نئی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے ۔