ایران کو شکست، ہندوستان کو کبڈی میں ریکارڈ نواں گولڈ میڈل

   

ٹوکیو، 26 ستمبر (آئی اے این ایس) ہندوستان کی مردوں کی کبڈی ٹیم نے ایشین گیمز میں اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے ریکارڈ نویں مرتبہ گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔ آچی ۔ ناگویا ایشین گیمز میں ہفتہ کو کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں ہندوستان نے مضبوط ایرانی ٹیم کو 40-34 سے شکست دی۔فائنل میں ہندوستان اور ایران کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ٹیموں نے ریڈ، ٹیکل اور بونس پوائنٹس کے ذریعہ ایک دوسرے کو سخت ٹکر دی اور خاص طور پر پہلے ہاف میں دونوں کے درمیان معمولی فرق ہی رہا۔ یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ سنسنی خیز مقابلوں کی ایک اور یادگارکڑی ثابت ہوا۔ایران نے پہلے ہاف کے اختتام تک ہندوستان کے خلاف 18-17 کی معمولی برتری حاصل کرلی تھی۔ ایرانی ٹیم نے دفاع میں ہندوستان کے خلاف اہم آل آؤٹ حاصل کرتے ہوئے برتری بنائی۔ ایران نے 14 آؤٹ پوائنٹس، ایک بونس پوائنٹ اور ایک سوپر ٹیکل پوائنٹ حاصل کیا۔دوسری جانب ہندوستانی دفاع نے بھی شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سوپر ٹیکل پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ ٹیم نے11 آؤٹ پوائنٹس، تین بونس پوائنٹس اور ایک ٹیکنیکل پوائنٹ حاصل کیا۔دوسرے ہاف میں ہندوستان نے مقابلے پر اپنی گرفت مضبوط کرنا شروع کردی، تاہم آغاز میں دونوں ٹیمیں 20-20 کی برابری پر تھیں۔ ہندوستانی دفاع نے مسلسل عمدہ کارکردگی جاری رکھی اور سمت نے کئی شاندار تھائی ٹیکل کرتے ہوئے ایران کے ریڈرزکو قابو میں رکھا۔اس کے بعد ہندوستان نے ایران پر آل آؤٹ لگایا۔ راہول نے اہم ٹیکل کرتے ہوئے ہندوستان کی برتری کو 29-24 تک پہنچا دیا۔ اس مرحلے کے بعد ہندوستان نے دفاع اور ریڈ دونوں شعبوں میں مسلسل پوائنٹس حاصل کیے اور بالآخر 40-34 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایشین گیمزکی تاریخ میں اپنا ریکارڈ نواں کبڈی گولڈ میڈل جیت لیا۔یہ آچی ۔ ناگویا ایشین گیمز میں ہندوستانی دستے کا مجموعی طور پر چوتھا گولڈ میڈل بھی ہے۔اس سے قبل ہندوستان کی خواتین کبڈی ٹیم نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کو شکست دے کر اپنا گولڈ میڈل برقرار رکھا تھا۔ ہندوستانی خواتین نے 2018 کی چمپئن ایرانی ٹیم کو37-34 سے شکست دے کر ایشین گیمزکی تاریخ میں اپنا چوتھا کبڈی گولڈ میڈل حاصل کیا۔ یہ آچی۔ ناگویا ایشین گیمز میں ہندوستانی دستے کا تیسرا گولڈ میڈل تھا۔ فائنل میں ہندوستانی خواتین نے بیشتر وقت اپنی برتری برقرار رکھی اور پہلے ہاف کے اختتام پر 22-16 سے آگے تھیں۔دوسرے ہاف میں ایرانی خواتین نے شاندار واپسی کی اور ہندوستان کو سخت مقابلہ دیا۔ ایران نے دوسرے ہاف میں 18 پوائنٹس حاصل کیے جبکہ ہندوستان نے 15 پوائنٹس بنائے۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے پہلے ہاف میں حاصل کی گئی برتری کو برقرار رکھا۔