ایران کی روس اور عمان کے ساتھ بحری مشقیں

   

تہران : ایران نے بحر ہند میں روس اور سلطنت عمان کے ساتھ مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز کر دیا۔ ہفتہ کو شروع ہونے والی آئی میکس 2024 مشقوں میں پاکستان، سعودی عرب اور بھارت سمیت 9 ممالک بطور مبصر بھی شریک ہیں۔ان مشقوں کا مقصد علاقے میں اجتماعی سیکیورٹی کو فروغ دینا، کثیر جہتی تعاون کو بڑھانا، اور امن، دوستی اور سمندری سیکیورٹی کی حفاظت کی صلاحیتوں کو ظاہر کرنا ہے۔ایران کی سرکاری ٹی وی کے مطابق، شرکاء نے بین الاقوامی سمندری تجارت کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے، سمندری راستوں کی حفاظت، انسانی امدادی اقدامات کو بہتر بنانے اور بچاؤ و امداد کی کارروائیوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرنے کیلئے حکمت عملیوں کی مشق کی۔ مشاہدے میں سعودی عرب، قطر، بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ بطور مبصر شامل ہیں۔یہ مشقیں اس وقت منعقد ہو رہی ہیں جب خطے میں اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ ایران کے ساتھ کشیدگی بھی بڑھ چکی ہے۔