ایران کے نمائندہ نے شاہین کیمپس بیدر کا دورہ کیا

   

بیدر۔21 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز، بیدر کو اس وقت ایک باوقار اعزاز حاصل ہوا جب ایران کے سپریم لیڈر کے نمائندہ آیت اللہ پروفیسر عبدالمجید حکیم الٰہی نے گزشتہ روز شاہین نالج سٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے چیئرمین ڈاکٹر عبد القدیر نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ آیت اللہ حکیم الٰہی نے شاہین ایجوکیشن ہب کا بھی جائزہ لیا اور طلبہ و اساتذہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں سائنس، ٹیکنالوجی اور ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام کی حقیقی ترقی تحقیق، اختراع اور مضبوط تعلیمی اداروں سے وابستہ ہوتی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ بایو ٹیکنالوجی، خلائی سائنس، سائبر ٹیکنالوجی اور نینو ٹیکنالوجی جیسے جدید شعبوں میں مہارت حاصل کریں تاکہ مستقبل میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر ہندوستانی تعلیمی اداروں اور ایران کی ممتاز جامعات کے درمیان مستقبل میں علمی و تحقیقی اشتراک کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر سائنسی و تکنیکی میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ معزز مہمان نے شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی تعلیمی خدمات کی ستائش کی ۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے تاریخی مدرسہ محمود گاواں کا بھی معائنہ کیا اور اسے علم و دانش کا ایک عظیم مرکز قرار دیتے ہوئے اس کے شاندار علمی ورثے کی بھرپور تحسین کی۔