ایر ٹیل ،ووڈا فون کے 52 کروڑ گاہکوں پر جیو کی نظر

   

نئی دہلی۔ 27 ۔اگست (سیاست ڈاٹ کام)جارحانہ حکمت عملی سے 4 جی مواصلات خدمات کے گاہکوں پر اپنی پکڑ مضبوط کرنے کے بعد ریلائنس انڈسٹریز کی مواصلاتی کمپنی ریلائنس جیو اب ائرٹیل اور ووڈا۔آئیڈیا کے 52 کروڑ سے زیادہ 2 جی اور 3 جی گاہکوں کو اپنے ساتھ جوڑنے کے لئے نظر لگائے ہوئے ہے ۔ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی نے حال میں کمپنی کی 42ویں جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جیو کے تعلق سے مستقبل میں مزید جارحانہ رویہ اپنانے کے اشارے دیئے تھے ۔ ریلائنس جیو اپنی تیسری سالگرہ کے موقع جیو گیگا فائبر کی ابتدا کرنے جارہی ہے ۔تقریبا تین برس پہلے ریلائنس انڈسٹریز کے مواصلات خدمات کے شعبہ میں اترنے کے بعد اس کاروبار میں جاری اتارچڑھاؤ کا دور ابھی اور لمبا چلنے کے امکانات ہیں۔ اس دوران 34 کروڑ موبائل گاہک بنانے والی جیو کا اگلا ہدف جلد ہی 50 کروڑ کا ہدف حاصل کرنے کا ہے ۔ اس سمت میں وہ مضبوطی کے ساتھ قدم بڑھارہی ہے ۔کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ مواصلات صنعت کے لئے ریلائنس جیو کی طرف سے واضح اشارے ہیں کہ مستقبل قریب میں زیادہ سے زیادہ گاہک بنانے کے اپنے مشن پر وہ آگے بڑھتی رہے گی اور ٹیرف پلان کے سلسلے میں جارحانہ رویہ اپنا سکتی ہے ۔