ایس آئی آر کو شفاف اور موثر طریقہ سے مکمل کریں

   

عہدیداروں کو ہدایت ، شادنگر میں خصوصی اجلاس کا انعقاد ، ایڈیشنل سی ای او کا خطاب
شادنگر ۔25۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) فرخنگر منڈل تحصیلدار ناگیا کے صحافتی اعلامیہ کے مطابق آج مورخہ 25 اپریل صبح 11 بجے، ایم پی ڈی او افس شادنگر میں اسپیشل انٹینسیو ریویڑن (SIR) پروگرام کے تحت، ضلع کلکٹر و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رنگا ریڈی، آئی اے ایس، کی ہدایت پر، تلنگانہ کے اسمبلی حلقہ 84 شادنگر اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والے تمام تحصیلداروں، میونسپل کمشنرز اور منڈل سطح کے اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (AERO)، بلدیاتی سطح کے اہلکاروں کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں، ایڈیشنل سی ای او ونکٹیشورلو نے متعلقہ عہدہ داروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے عمل میں، سال 2025 کی ووٹر لسٹ کے ساتھ ساتھ 2002 کی ووٹر لسٹ کو بھی بطور بنیاد استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ووٹر لسٹ کی درستگی کے لیے ہر گھر جا کر ذمہ دار عہدیدار تفصیلات کی تصدیق حاصل کریں۔ اگر کسی شخص کا نام ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہے تو متعلقہ دستاویزات کے ذریعہ اسے شامل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح، اگر کوئی ووٹر انتقال کر چکا ہو یا کسی اور جگہ منتقل ہو گیا ہو تو اس کی تفصیل بھی درج کریں تاکہ فہرست کو درست بنایا جا سکے۔ اجلاس میں تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس عمل کو شفاف اور مؤثر طریقہ سے مکمل کریں اور عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل فراہم کریں۔ اس موقع پر آر ڈی او شادنگر، شادنگر اسمبلی حلقہ کے چھ منڈلوں سے وابستہ تحصیلدار اور متعلقہ عہدہ دار موجود تھے۔