کاماریڈی ۔12 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے تحت جاری خصوصی جامع نظرثانی پروگرام (SIR-2026) کے سلسلے میں عوام کو انتخابی خدمات اور فہرست رائے دہندگان سے متعلق معلومات آسانی سے فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع کلکٹریٹ میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سانگوان نے ایڈشنل کلکٹر وکٹر کے ہمراہ جمعرات کو اس ہیلپ ڈیسک کا افتتاح انجام دیا اور عوام سے اس سہولت سے بھرپور استفادہ کرنے کی اپیل کی۔ضلع کلکٹریٹ کے کمرہ نمبر 25 میں قائم کیے گئے ایس آئی آر-2026 ہیلپ ڈیسک کے افتتاح کے موقع پر ضلع کلکٹر آشیش سانگوان نے کہا کہ ووٹر فہرست میں نام کے اندراج، ترمیم، اخراج، پتہ کی تبدیلی اور دیگر انتخابی امور سے متعلق عوامی رہنمائی کے لیے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی شکایات، شبہات اور معلومات کے حصول کے لیے ہیلپ ڈیسک سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ خصوصی نظرثانی پروگرام سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے ٹول فری ہیلپ لائن نمبر 1950 بھی دستیاب ہے، جس سے رابطہ کرکے ضروری رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس موقع پر کلکٹر آفس کے انتظامی افسر، محکمہ انتخابات کے سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ عملہ موجود تھے۔