ایس ایس سی امتحانات کے آغاز پر تجسس برقرار

,

   

ہائی کورٹ میں آج دوبارہ سماعت، کنٹینمنٹ علاقوں و سپلیمنٹری امتحان پر وضاحت طلب
حیدرآباد۔ 5 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے آج ایس ایس سی امتحانات کے مسئلہ پر سماعت کی۔ امتحانات کے 8 جون سے آغاز کے سلسلہ میں تجسس برقرار ہے۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سے دریافت کیا کہ کنٹینمنٹ علاقوں میں رہنے والے طلبہ کے سلسلہ میں کیا انتظامات کئے جارہے ہیں۔ عدالت نے یہ بھی سوال کیا کہ سپلیمنٹری میں پاس ہونے والے طلبہ کو ریگولر امیدوار کی حیثیت سے شناخت کی جائے گی یا نہیں۔ عدالت نے کنٹینمنٹ علاقوں اور سپلیمنٹری امتحانات کے بارے میں حکومت سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ اس مسئلہ پر حکومت سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت کل 6 جون تک ملتوی کردی ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو پیش کردہ رپورٹ میں شہر اور اضلاع میں امتحانی تیاریوں اور کووڈ۔19 کے پس منظر میں احتیاطی تدابیر کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ لیکن عدالت کی خاص توجہ کنٹینمنٹ علاقوں کے طلبہ کے بارے میں تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جو طلبہ یہ امتحان نہیں لکھیں گے انہیں سپلیمنٹری امتحان میں شرکت کا موقع دیا جائے گا جس پر عدالت نے دریافت کیا کہ سپلیمنٹری امتحان پاس کرنے والے طلبہ کو کیا ریگولر امیدوار کے طور پر قبول کیا جائے گا؟ جس پر ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت سے بات کرتے ہوئے ہفتہ کو جواب دیں گے۔ ہائی کورٹ نے کنٹینمنٹ زون اور سپلیمنٹری امتحانات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی اور سماعت کو کل تک کے لیے ملتوی کردیا۔