ایس ایس سی نتائج میں میدک کو نمایاں مقام دلائیں

   

متعلقہ عہدیداروں کو کلکٹر کی ہدایت، مختلف ترقیاتی امور کا جائزہ
میدک۔/25 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکاری اسکولس میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے آغاز کردہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق ( منا بڈی منا اوورو) کو کامیاب بنانے کیلئے اسکولس کے ذمہ داروں اور انجینئرنگ عہدیداروں میں تال میل ہونا چاہیئے۔ ضلع کلکٹر میدک راجرشی شاہ نے کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں ایگزیکیٹو انجینئر، منڈل ایجوکیشنل آفیسرس، منڈل ڈیولپمنٹ آفیسرس کے ساتھ منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مدارس میں ہمارا گاؤں ہمارا مدرسہ کے تحت منظورہ تعمیراتی کام جو 30 لاکھ سے کم لاگت کے ہیں مارچ کے اختتام تک مکمل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ 30 لاکھ کی لاگت سے کم والے قریب 256 تعمیراتی کاموں کو قطعیت دے دی گئی ہے۔30 لاکھ کی لاگت سے متجاوز رقم کے کاموں کی انجام دہی کیلئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈرس کی طلبی کے بعد اگر کوئی سامنے نہ آنے کی صورت میں اسکول ایجوکیشن کمیٹیوں کے ذریعہ کاموں کی تکمیل کریں جس کے لئے قرارداد بھی منظور کرلیں۔ کلکٹر شاہ نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت 3/3 اسکولس میں 273 کام جاری ہیں۔آخر میں ضلع کلکٹر نے صدر مدرسین، ایجوکیشنل آفیسرس کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایس سی کے نتائج میں ضلع کو ریاست میں نمایاں مقام حاصل ہونا چاہیئے۔ اس اجلاس میں ڈی ای او رمیش کمار کے علاوہ منڈل ایجوکیشن آفیسرس، انجینئرنگ عہدیدار بھی شریک تھے۔