ایشا کی سنہری کامیابی پر پی وی سندھو کی ستائش

   

نئی دہلی، 29 مئی (آئی اے این ایس) ہندوستان کی نوجوان شوٹر ایشا سنگھ نے جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ آئی ایس ایس ایف ورلڈکپ میں خواتین کے 25 میٹر پستول مقابلے میں عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ 21 سالہ ایشا نے فائنل میں 43 پوائنٹس اسکور کرکے عالمی اور جونیئر عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ ایشا نے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان جرمنی کی سابق عالمی چمپئن ڈورین وینیکیمپ کو واضح فرق سے شکست دی۔ انہوں نے جنوبی کوریا کی کم یے جی کے 42 پوائنٹس کے سابق عالمی ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے ایشا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرسکون مزاج رکھنے کے باوجود اہم مواقع پر حقیقی چمپئن ثابت ہوتی ہیں۔ سندھو نے کہا کہ عالمی سطح پر ریکارڈ توڑکر گولڈ میڈل جیتنا ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ کرکٹر شکھر دھون نے بھی ایشا سنگھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی شوٹنگ کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔