ایشیا پیسیفک میں سرگرم ایئرلائنز کو کروڑہا ڈالرس کا نقصان

   

پیرس ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایسی ایئرلائنزکو جو ایشیاء پیسیفک میں سرگرم ہیں انہیں کورونا وائرس کے جاریہ بحران کی وجہ سے مجموعی طور پر 27.8 بلین ڈالرس کے نقصان کا سامنا ہے۔ انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن (IATA) نے یہ بات بتائی اور کہا کہ خصوصی طور پر چین میں مسافروں کا 13% تناسب ایسا ہے جس نے فضائی سفر سے گریز کیا ہے۔ IATA کے سی ای او الیگزنڈر ڈی جونیاک نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایئرلائنز کیلئے جاریہ سال بہت ہی سخت گزرنے والا ہے کیونکہ اس وقت ہر ملک کی اولین ترجیح یہ ہیکہ کوروناوائرس پر قابو پا لیا جائے اور اگر چین جلد ہی اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا تو حالات دوبارہ معمول پر آجائیں گے۔ یوں بھی ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ وائرس پر کسی حد تک قابو پالیا گیا ہے اور متاثرین کی تعداد میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ جس طرح 20 سال قبل سارس وائرس نے سر ابھارا تھا اور تیزی کے ساتھ پھیلنے کے بعد اندرون چھ ماہ اس کی شدت میں کی آئی تھی بالکل ایسا ہی کووڈ ۔ 19 کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔