ایشیا کی امیرترین خاتون اپنی نصف دولت سے محروم

   

بیجنگ : ایشیا کی امیر ترین خاتون چین میں جاری ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں بحران کی وجہ سے گزشتہ ایک برس میں اپنی آدھی دولت سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے ایف پی نے جمعرات کو بلوم برگ بلینیئرز انڈیکس کے حوالے سے بتایا ہے چین میں نقدی کی کمی کی وجہ سے ریئل اسٹیٹ شدید بحران کا شکار ہے۔بلومبرگ بلینیئرز انڈیکس کے مطابق چینی پراپرٹی کمپنی کنٹری گارڈن میں سب سے زیادہ شیئرز کی مالک یانگ ہوئیان کی مجموعی دولت ایک سال قبل 23 ارب 70 کروڑ ڈالر تھی، جو 52 فیصد سے زیادہ گر کر اب 11 ارب 30 کروڑ ڈالر رہ گئی ہے۔چہارشنبہ کو یانگ ہوئیاں کے مالی اثاثوں کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب گوانگ ڈونگ میں واقع کمپنی کنٹری گارڈن کے ہانگ کانگ کے حصص 15 فیصد گر گئے۔ اس کے بعد کمپنی نے اعلان کیا کہ وہ نقد رقم جمع کرنے کے لیے نئے حصص فروخت کرے گی۔