ایشیس : اسٹوکس نے انگلینڈ کو ناقابل یقین فتح دلائی

   

لندن 25 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی شاندار کارکردگی کے باعث ایشیس کے دوسرے میچ میں سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 67 رنز پر آوٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں 246 رنز بنا کر انگلینڈ کو کامیابی کیلئے 359 رنز کا نشانہ دیا تھا لیکن بین اسٹوکس نے مرد بحران کا کردار نبھاتے ہوئے ٹیم کو شکست سے نکال کر سیریز بھی برابر کردی۔ چوتھے روز کا کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 156 رنز بنائے تھے جہاں کپتان جو روٹ 75 اور اسٹوکس 2 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔جوروٹ صرف 2 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے تاہم جانی بیئراسٹو نے 36 رنز بنا کر انگلینڈ کو 200 کا ہندسہعبور کرنے میں اسٹوکس کا ساتھ دیا لیکن دیگر بلے باز یکے بعد دیگر آوٹ ہوتے رہے۔آرچر نے 15 رنز بنائے جبکہ جوز بٹلر، کرس ووکس ایک،ایک اور اسٹورٹ براڈ صفر پر آوٹ ہوگئے تھے۔انگلینڈ کی 9 وکٹیں جب گریں تھی تو انہیں جیت کیلئے مزید 73 رنز درکار تھے ۔ اسٹوکس نے آسٹریلیا کے بولرز کا سامنا کیا اور لیچ کو صرف 17 گیندیں کھیلنے کا موقع دیا۔اسٹوکس اور لیچ کے درمیان آخری وکٹ کیلئے76 رنز کی شاندار شراکت ہوئی جس میں لیچ کا صرف ایک رن تھا جبکہ اسٹوکس نے انتہائی ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلائی۔انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنا کر ایشز کے دوسرے ٹسٹ میں آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کی۔ اسٹوکس کوشاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔