ایشین گیمز باکسنگ : سچن سیواچ باہر، پروین ہڈا اور انکش کو تمغے یقینی

   

آئچی۔ناگویا،27 ستمبر (یواین آئی) انڈیا کے سچن سیواچ کو مردوں کے 60 کلوگرام کوارٹر فائنل میں جاپان کے عالمی کانسی کے تمغہ فاتح شونسوکے کیتاموتو کے ہاتھوں 0-5 سے شکست ہوئی، جبکہ پروین ہڈا اور انکش پنگھال نے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر ہندوستان کے لیے تمغے پکے کرلیے ہیں۔ پروین نے خواتین کے 65 کلوگرام زمرے کے کوارٹر فائنل میں ازبکستان کی نواباخور خامیدووا کو 5-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین گیمز میں اپنی گزشتہ مایوسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تمغہ پکا کیا۔ ڈوپنگ کی خلاف ورزی کے سبب پروین کا ہانگژو 2022 ایشین گیمز کا کانسی کا تمغہ واپس لے لیا گیا تھا۔ خامیدووا نے مقابلے میں تیزی سے آگے بڑھنے کی کوشش کی، لیکن پروین نے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے تیز حملے کیے اور باڈی شاٹس کے ساتھ چہرے پر جیب لگائے ۔ ازبکستان کی باکسر نے بعد میں کاؤنٹر پنچ کی حکمت عملی اپنائی، لیکن پروین کی رفتار اور رسائی ان کے لیے کارآمد رہی اور انہوں نے 5-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔ سیمی فائنل میں پروین کا مقابلہ چین کی لی شو سے ہوگا، جنہوں نے کوارٹر فائنل میں موجودہ عالمی چیمپئن قازقستان کی آئدا ابیکے یوا کو شکست دے کر بڑا الٹ پھیر کیا ہے ۔ دوسری جانب دولت مشترکہ کھیلوں کے چمپئن انکش پنگھال نے مردوں کے 80 کلوگرام کوارٹر فائنل میں تاجکستان کے نیکروز سلیم وف کو 5-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی اور ایشین گیمز میں انڈیا کیلئے باکسنگ کا پہلا تمغہ پکا کردیا۔ 21 سالہ انکش نے مقابلے کے آغاز سے ہی تیز فٹ ورک، درست سیدھے پنچ اور بروقت کاؤنٹر پنچ کے ذریعے برتری بنائے رکھی۔ پہلے دو راؤنڈ میں واضح برتری حاصل کرنے کے بعد انکش نے آخری راؤنڈ میں بھی تحمل کا مظاہرہ کیا اور حریف کو فاصلے پر رکھتے ہوئے متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ انکش کا کم از کم کانسی کا تمغہ پکا ہوگیا ہے ۔ انکش نے ایشین گیمز میں اپنے سفر کا آغاز راؤنڈ آف 16 میں بحرین کے ہمسا ووگل کے خلاف 5-0 کی کامیابی سے کیا تھا۔ دو مقابلے کھیلنے کے بعد بھی انہوں نے اب تک ایک بھی راؤنڈ نہیں گنوایا ہے۔ انکش 80 کلوگرام زمرے میں دولت مشترکہ کھیلوں کا طلائی تمغہ جیت کر جاپان پہنچے تھے اور اپنی عمدہ کارکردگی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔