ایلون مسک نے خود کو ٹوئٹر کا سی ای او مقرر کردیا بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تمام ارکان کی چھٹی کردی

   

واشنگٹن : سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کو حال ہی میں خریدنے والے دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے خود کو کمپنی کا چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مقرر کر دیا ہے جب کہ اس پلیٹ فارم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تمام نو ارکان کو بھی فارغ کر دیا ہے۔برطانوی اخبار ‘گارڈین’ نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹوئٹر کی پیر کو سامنے آ نے والی دستاویزات کے مطابق کمپنی کی نئے سرے سے تنظیمِ نو جا رہی ہے جس کے بعد بڑے پیمانے پر ملازمین کو رخصت کیا جا سکتا ہے ۔اخبار کے مطابق ٹوئٹر کے ملازمین کی تعداد میں ایک چوتھائی تک کمی کی جا سکتی ہے۔امریکی اخبار ‘واشنگٹن پوسٹ’ نے بھی ایلون مسک کے قریبی ذرائع سے ملنے والی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر ٹوئٹر کے 25 فی صد ملازمین کو فارغ کیا جا سکتا ہے۔’ ٹوئٹر کی جانب سے پیر کو امریکہ میں نجی اداروں کے مالی امور دیکھنے والے سرکاری محکمے میں جمع کرائی گئی دستاویز سے واضح ہوتا ہے کہ ٹوئٹر اب مکمل طور پر ایلون مسک کے کنٹرول میں ہے جب کہ انہوں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کو نکال دیا ہے۔