نیویارک : دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے حامی گروپ کو تین ماہ کے عرصے میں 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے عطیات دیے ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وفاقی الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی تفصیلات سے واضح ہے کہ کس طرح سے ارب پتی ایلون مسک 5 نومبر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے لیے ٹرمپ کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کے حامی گروپ پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (پی اے سی) جو سخت مقابلے والی ریاستوں میں ووٹرز کو متحرک کرتی ہے، نے جولائی سے ستمبر کے دوران 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔اس عرصے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک گروپ کو عطیات دینے والے واحد شخص تھے۔ ٹرمپ کی انتخابی مہم سپر پی اے سی جیسے گروپس پر منحصر ہے جو ایلون مسک نے بنائی تھی۔ایلون مسک کا کہنا ہے کہ وہ ماضی میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدواروں کو ووٹ دیتے آئے ہیں تاہم اس مرتبہ انہوں نے دائیں بازو کی جماعت کا ساتھ دیا ہے۔ٹیسلا کے مالک نے جولائی میں ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا اور رواں ماہ ریاست پینسلوینیا کی انتخابی ریلی میں بھی ریپبلکن امیدوار کے ہمراہ موجود تھے۔ وہ پینسلوینیا کے مختلف شہروں میں لیکچرز دیں گے ۔گزشتہ ہفتہ ذرائع کے حوالے سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایلون مسک پینسلوینیا میں ٹرمپ کے لیے مزید مہم بھی چلائیں گے۔