ایل آئی سی ملازمین کے ملک گیر احتجاج کو ٹی آر ایس کی تائید

   

خانگیانے کے فیصلہ کی مخالفت، 12 لاکھ ملازمین کو خطرہ
حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) لائف انشورنس کارپوریشن(LIC) کو خانگیانے کے فیصلہ کے خلاف کارپوریشن کے عہدیداروں، ملازمین اور ایجنٹس نے ملک گیر سطح پر احتجاج منظم کیا۔ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح حیدرآباد میں ایل آئی سی عہدیداروں اور ملازمین نے دھرنا منظم کرتے ہوئے خانگیانے کے فیصلہ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ملک بھر میں ایل آئی سی کے 12 لاکھ ملازمین مختلف زمرہ جات سے تعلق رکھتے ہیں۔ ملازمین کی تنظیموں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں ایل آئی سی اور دیگر ادارے خسارے کا شکار ہیں جس کا بہانہ بناکر حکومت خانگیانے کی تیاری کررہی ہے۔ ایل آئی سی ملازمین ، عہدیداروں اور ایجنٹس نے 29 اکٹوبر کو ملک گیر احتجاج کے حصہ کے طور پر حیدرآباد میں دھرنا منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی دوران نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے ایل آئی سی عہدیداروں، ملازمین اور ایجنٹس کی تنظیموں کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ایل آئی سی ملازمین کے احتجاج کی مکمل تائید کرتی ہے۔ مودی حکومت کی جانب سے ایل آئی سی اور دیگر سرکاری اداروں کو خانگیانے کی کوششیں افسوسناک ہیں۔ ایل آئی سی ایجنٹس کے قومی صدر سرینواس ، جنرل سکریٹری سرینواس چاری اور ریاستی صدر پربھاکر کے علاوہ دیگر نمائندے موجود تھے۔ ر