ایم ایل اے کرن دیوی کی رہائش گاہ پر ای ڈی کا چھاپہ

   

پٹنہ: منگل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی ٹیم نے منی لانڈرنگ کیس میں بہار کی اہم اپوزیشن پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی ایم ایل اے کرن دیوی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ بہار میں سندیش سے آر جے ڈی ایم ایل اے کرن دیوی کے بھوجپور ضلع کے گدھانی پولیس اسٹیشن کے اگیاون کے علاوہ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں پٹنہ میں بھی دو مقامات پر بھی چھاپے مارے ۔ چھاپے کے وقت ایم ایل اے اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھیں۔ ایم ایل اے اپنے شوہر اور باقی کنبہ کے ساتھ ایک قریبی تقریب میں شرکت کیلئے گئی ہوئی ہیں۔ ایم ایل اے کا بڑا بیٹا اگیاون میں اپنے گھر پر ہے ۔ ای ڈی کی ٹیم اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ ایم ایل اے کرن دیوی کے شوہر ارون یادو آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کے قریبی ہیں اور وہ ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا ریت کا کاروبار ہے ۔ ای ڈی اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی ٹیمیں پہلے ہی ان کے مقامات پر چھاپے مار چکی ہیں۔