ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ، ٹرانسپورٹرس کا مطالبہ

   

نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایندھن کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ اور اس کے ساتھ ریاستوں میں بارڈر چیک پوسٹ پر جبری وصولی ٹرک گاڑیوں کیلئے دہری مصیبت بن گئی ہے اور اگر حکومت مداخلت کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو ٹرانسپورٹ سرویس میں خلل کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ ٹرانسپورٹرس کے ادارے اے آئی ایم ٹی سی نے آج کہا کہ ان کی اجتماعی تنظیم تقریباً 95 لاکھ ٹرک اور دیگر گاڑیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ چہارشنبہ کو بھی پٹرول میں 55 پیسے اور ڈیزل میں 60 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ لگاتار 11 روز کے اضافہ میں پٹرول 6.02 اور ڈیزل 6.4 روپئے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔ صدر آل انڈیا موٹر ٹرانسپورٹ کانگریس کلترن سنگھ اتوال نے کہا کہ وزیراعظم کو گذشتہ ہفتے مکتوب تحریر کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا کہ مختلف ریاستوں بالخصوص مدھیہ پردیش میں گاڑی کی انٹری کیلئے 1200 تا 3000 روپئے وصول کئے جارہے ہیں۔

ایندھن کی قیمت میں اضافہ جاری
نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں چہارشنبہ کو متواتر 11 ویں روز اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول 55 پیسے اور ڈیزل 60 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگیا ہے۔