ایٹالہ راجندر کو بی آر ایس رکن اسمبلی ملا ریڈی کی تائید

   

’’ملکاجگری میں آپ کے سوا کون کامیاب ہوگا‘‘، بی آر ایس کارکن حیرت زدہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ملکاجگری لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندرکو آج غیر متوقع طورپر بی آر ایس رکن اسمبلی اور سابق وزیر ملا ریڈی کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ ملکاجگری میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے دونوں قائدین ایک ساتھ پہنچے اور تقریب میں جیسے ہی راجندر کا سامنا ہوا ، بی آر ایس رکن اسمبلی ملا ریڈی نے گرمجوشی کے ساتھ ملاقات کی اور بغلگیر ہوگئے ۔ ملا ریڈی نے کہا کہ ملکاجگری میں آپ کے سوا کون کامیاب ہوسکتا ہے۔ انا ملکاجگری میں آپ کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے ایٹالہ راجندر کے ساتھ تصویر کھچوائی ۔ راجندرکے لئے ملا ریڈی کی تائید چونکا دینے والی ثابت ہوئی اور وہاں موجود بی آر ایس کے قائدین حیرت میں پڑگئے۔ ملا ریڈی نے کافی دیر تک راجندر سے بات چیت کی ۔ واضح رہے کہ ملکاجگری لوک سبھا حلقہ کے تحت آنے والے اسمبلی حلقہ ملکاجگری سے ملا ریڈی کے داماد راج شیکھر ریڈی نمائندگی کرتے ہیں۔ ملکاجگری کی تمام 7 اسمبلی نشستوں پر بی آر ایس کامیاب ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ملا ریڈی نے کانگریس میں شمولیت کی کوشش کی تھی لیکن کانگریس قیادت نے منظوری نہیں دی۔ اب راجندر کی تائید سے بی جے پی میں شمولیت کی قیاس آرائی کی جارہی ہے۔ 1