حیدرآباد 27 اپریل ( سیاست نیوز ) معروف ہندی صحافی و ایڈیٹر روزنامہ ہندی ملاپ شری ونئے ویر کا آج دیہانت ہوگیا ۔ ان کی عمر 72 سال تھی ۔ شری ونئے ویر جنوب میں ہندی کو فروغ دینے کے روح رواں سمجھے جاتے تھے ۔ وہ معروف صحافی ‘ پبلشر و ایڈیٹر تھے ۔ انہوں نے ہندی زبان و صحافت کو نئی بلندی عطا کرنے میں سرگرم رول ادا کیا تھا ۔ شری ونئے ویر مجاہد آزادی شری ید ویر اور سیتا یدھ ویر کے فرزند تھے ۔ انہوں نے ہمیشہ ہندی کیلئے جدوجہد کی تھی ۔ ان کی والدہ سیتا یدھ ویر دو معیاد کیلئے راجیہ سبھا کی رکن تھیں۔ ونئے ویر نے بدروکا کالج سے تعلیم حاصل کی تھی اور وہ ایک بہترین فوٹو گرافر بھی تھے ۔ وہ یدھ ویر فاونڈیشن کے سکریٹری تھے جو ان کے والد شری یدھ ویر کی یاد میں قائم کیا گیا تھا ۔ اس فاونڈیشن سے اپنے شعبہ جات میں مثالی خدمات انجام دینے والوں کو ایوارڈ بھی دئے جاتے ہیں۔ شری ونئے ویر کی آخری رسومات اتوار 28 اپریل کو صبح 10 بجے مہا پرستھانم وہسپر ویلی جوبلی ہلز میں ادا کی جائے گی ۔