ایک دن میں دو صوبائی دارالحکومت طالبان کے قبضہ میں

,

   

کابل ۔ طالبان نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے دو صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان نے ہفتہ کی صبح ترکمانستان کی سرحد پر واقع صوبہ جوزجان کے دارالحکومت شبرغان پر قبضہ کر لیا ہے۔ طالبان ذرائع نے اس کی تصدیق کر دی ہے مگر کابل حکومت کا اس پر فی الحال رد عمل سامنے نہیں آیا۔ قبل ازیں طالبان نے صوبہ نمروز کے دارالحکومت زرنج پر قبضہ کر لیا تھا، جس کی صوبے کے نائب گورنر روح گل خیرزاد تصدیق کر چکے ہیں۔ خیرزاد نے بتایا کہ زرنج پر طالبان کے قبضے کا کافی عرصے سے خطرہ تھا تاہم وفاقی حکومت نے صوبائی حکام کی نہ سنی۔ طالبان نے اپنی ایک ٹوئٹ کے ذریعہ زرنج کی تمام تر سرکاری عمارات اور اہم دفاتر پر قبضہ کرنے کا کہا ہے۔

افغانستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، 25 جنگجو ہلاک
کابل ۔ افغانستان کے قندوز اور نیمروز صوبوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دونوں صوبوں کے طالبانی گورنروں سمیت 25 جنگجو مارے گئے ۔ وزارت دفاع کے نائب ترجمان فواد امان نے ہفتہ کے روز ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ قندوز کے ضلع دشت آرچی میں جمعہ کی شب افغانستان نیشنل ڈیفنس اینڈ سکیورٹی فورس اور باغی فورسز کے جوانوں کے ساتھ جھڑپ میں صوبہ کے طالبانی گورنر سمیت گیارہ جنگجو مارے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ نیمروز کے زرنج شہر میں طالبانی جنگجوؤں کے ایک اجتماع پر فضائیہ کے حملے میں طالبانی گورنر عبدالخالق سمیت 14 جنگجو مارے گئے ۔ اس کے علاوہ صوبہ بدخشاں کے دارالحکومت فیض آباد اور صوبہ تخار کے دارالحکومت تلیکان پر طالبان کے حملوں کو گزشتہ رات سکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا ۔ شہروں کے مضافات میں سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دسیوں جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے ۔ واضح رہے کہ افغانستان سے مئی سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد سے طالبان کی طرف سے تشدد میں تیزی دیکھی جا رہی ہے ۔ طالبانی تشدد کو روکنے کے لیے افغان فوج نے بھی کمر کس لی ہے اور روزانہ فضائی اور زمینی کارروائی کے ذریعے جنگجوؤں کا خاتمہ کر رہی ہے ۔