’ ای وی ایم ‘ چور مشین ہے ‘ بیالٹ سسٹم کی بحال کریں

,

   

صرف فرد واحد کو ہٹانیکا نہیں بلکہ ملک و مجاہدین آزادی کے احترام کا سوال ہے : فاروق عبداللہ

کولکاتا، 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو آج ’چور مشین ‘ قرار دیا اور شفافیت کی خاطر بیالٹ پیپر نظام بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتابنرجی کی طرف سے یہاں منعقدہ بڑی اپوزیشن ریلی سے خطاب میں فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ محض کسی فرد واحد (وزیراعظم) کو ہٹانے کا سوال نہیں ہے بلکہ ملک کو بچانے اور اس کی آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والوں کے احترام کا سوال ہے ۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ ای وی ایم چور مشین ہے۔ اس کا استعمال بند کردیا جانا چاہئے ۔صدرجمہوریہ اور الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ شفافیت کی خاطر ای وی ایم مشینوں کا استعمال بند کرتے ہوئے بیالٹ پیپر کا پرانا طریقہ کار دوبارہ رائج کریں۔ جموں و کشمیر کی صورتحال کیلئے نیشنل کانفرنس کے لیڈر نے بی جے پی کو موردالزام ٹھہرایا اور کہا کہ عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کردیا گیا ہے ۔ عوام کو پاکستانی قرار دیا جارہا ہے لیکن لداخ سے لیکر دیگر تمام مقامات کے عوام ہندوستان کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں ۔ فاروق عبداللہ نے کہا: ’’میں مسلمان ہوں۔ میں ہندوستان سے محبت کرتا ہوں۔ یہ میرا ملک بھی ہے۔‘‘ جموں و کشمیر کے بزرگ قائد نے آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے متحدہ مقابلہ کی ضرور ت پر زور دیا اور کہا کہ وزیراعظم کا فیصلہ انتخابی نتائج کے بعد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو بیدخل کرنے کیلئے ہمیں متحدہ مقابلہ کرنا ہوگا ۔ اس کے خلاف دوبدو اور راست لڑائی کیلئے ہم سب آج یہاں جمع ہوئے ہیں ۔ ہمارے ملک کو مستحکم بنانے کیلئے ہمیں متحدہ طور پر مقابلہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے مرکز میں نئی حکومت کے قیام کی امید ظاہر کی ۔