ای وی ایم کے طریقۂ استعمال سے واقف کروانے اقدامات

   

محبوب نگر ضلع کلکٹر کے ہاتھوں موبائیل ویان کا افتتاح، شعور بیداری پر زور

محبوب نگر ۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عنقریب منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاستی چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت پر ضلع کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں ووٹرس کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے طریقہ استعمال سے واقف کرانے کی غرض سے موبائیل ویان جو کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے لیس ہوگی کا افتتاح ہفتہ کی شام ضلع کلکٹر روی نائک نے جدید کلکٹریٹ محبوب نگر میں انجام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ محبوب نگر، جڑچرلہ اور دیور کدرہ اسمبلی حلقہ جات میں یہ موبائیل ویان عوام کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعہ ووٹ ڈالنے کے طریقہ کار کو سمجھائے گی اور تفصیلات سے واقف کروائے گی۔ ویان میں موجود ای وی ایم مشین پر عوام کو ووٹ ڈالنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ ہر اسمبلی حلقہ پر ایک ای وی ایم ویان مستقر پر موجود رہے گی جبکہ ایک اور ویان مواضعات میں گھومتی رہے گی۔ کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو پابند کیا کہ خصوصاً نئے ووٹرس کو ای وی ایم پر ووٹ دینے کے طریقہ سے واقف کروائیں۔ پولنگ کے موقع پر ووٹرس کی آسانی کے لئے الیکشن کمیشن نے یہ قدم اٹھایا ہے جس سے پولنگ کے فیصد میں اضافہ ممکن ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹرز وینکٹیش دوترے، موہن راؤ، آر ڈی او انل کمار، ڈی آر ڈی او یادیا، انفارمیشن اے ڈی وینکٹیشورلو و دیگر عہدیدار موجود تھے۔