بائیں بازو جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ وزیر پنچایت راج کی منوگوڑ میں انتخابی مہم

   

حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی چناؤ کی انتخابی مہم کے دوران وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے بائیں بازو جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی اور ٹی آر ایس امیدوار کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا۔ دیاکر راؤ نے چنڈور منڈل میں سی پی آئی اور سی پی ایم قائدین کے ہمراہ انتخابی مہم چلائی۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ کی قیادت میں سی پی آئی کارکن مہم میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ دونوں کمیونسٹ جماعتوں نے ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا۔ وزیر پنچایت راج کے ہمراہ سی پی آئی قائدین نے بعض علاقوں میں مشترکہ انتخابی مہم چلائی۔ وزیر پنچایت راج نے حکومت کی جانب سے شروع کردہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا حوالہ دیا اور منوگوڑ عوام سے وعدہ کیا کہ ٹی آر ایس کی کامیابی کی صورت میں مزید ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ میں عوامی حکومت قائم ہے جس کا واحد مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے۔ اس موقع پر چنڈور سے تعلق رکھنے والے دیگر جماعتوں کے قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ وزیر پنچایت راج نے ان کا خیرمقدم کیا۔ چنڈور میں دیاکر راؤ نے بوتھ سطح کے قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن کو انتخابی مہم میں متحرک ہونا چاہیئے۔ ملک بھر میں فرقہ پرست طاقتوں سے مقابلہ کیلئے کے سی آر نے بی آر ایس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ میں رائے دہندے ٹی آر ایس کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ر